تربیتی افسران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے عمل کو اپنائیں :صلاح الدین محسود

تربیتی افسران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے عمل کو اپنائیں :صلاح الدین محسود

پشاور( کرائمز رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے تربیتی افسروں پر زور دیا ہے کہ وہ تربیت کے دوران زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے عمل کو اپنائیں۔یہ بات انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس پشاور میں فرسٹ ریفریشر ایلیٹ کورس کے لیے منتخب شدہ 17پولیس افسروں کی کورس پر روانگی کے وقت ایک خصوصی لیکچر دیتے ہوئے کہی۔ ڈی آئی جی ٹریننگ محمد کریم خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی باراے ایس پیز اور ڈی ایس پیز رینک کے پولیس افسروں کے لیے ایلیٹ ریفریشر کورس متعارف کرایا گیا ہے۔ آئی جی پی نے کورس کے شرکاء سے کہا کہ یہ کورس آپ کی پروفیشنل کیئریر میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔اور ان پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ سیکھنے کے جذبے سے سرشار ہو کر کورس میں شریک ہوں اور فورس کی عزت اور وقار اور اپنی پیشہ ورانہ تربیت میں اضافے کے لیے اپنے تمام توانائیاں اور صلا حیتیں بروئے کا ر لائیں۔ انہیں یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسائل حل کرنے کے نقطہ نظر اور مثبت سوچ اپنا کرپولیسنگ سے متعلق درپیش تمام مسائل کا حل تلاش کریں اور اپنے فرائض کو منظم طریقے سے ترتیب دے کر ملک و قوم کی بہتری کے لیے کام کریں۔ آئی جی پی نے پیشہ ورانہ تربیت کو فورس کے اہلکاروں کی پروفیشنل کیئریر کے لیے رگوں میں دوڑنے والے خون کے مترادف قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورس کے ہر رینک کے افسر وجوان کی ان سروسز تربیت کے لیے یکساں پالیسی اختیار کیجائیگی۔ اور کسی بھی رینک میں ترقی پانے کے لیے ان کورسزکا حصول لازمی ہوگا۔آئی جی پی نے اُمید ظاہر کی کہ کورس کے دوران دی جانے والی تربیت اُن کے پیشہ ورانہ کیئرر پر بہتر اور مثبت معیاری اثرات مرتب کریگی۔ اور وہ تربیت کے دوران حاصل کردہ علم اور تجربے کو عملی میدان میں بروئے کار لاکر لوگوں کی بہتر خدمت کو یقینی بنائے گی۔واضح رہے کہ ریفریشر ایلیٹ کورس میں شرکاء کو جسمانی تربیت ، ویپن فائرنگ، آپریشنل ٹیکٹکس، کاؤنٹر ٹیرارزم ٹیکٹکس،سیکورٹی اینڈ پروٹیکشن، موک ایکسرسائیز ، فرسٹ ایڈ اور کمیونیکیشن سے متعلق تربیت دی جائیگی۔

مزید : پشاورصفحہ آخر