صوابی ،میگا پراجیکٹس کی 30سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی:اسد قیصر

صوابی ،میگا پراجیکٹس کی 30سالہ تاریخ میں مثال نہیں ملتی:اسد قیصر

صوابی (بیورورپورٹ)سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی اسد قیصر نے گذشتہ روز اپنے حلقہ نیابت PK-35یونین کونسل گاڑھ میں ڈھوک کے مقام پر ایک شمولیتی اجتما ع سے خطا ب کیا ۔اس موقع پر علاقے کی کثیر تعداد میں لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ انہوں نے اپنا مشن بنایا تھا کہ وہ برسراقتدار آکر اپنے لوگوں کیلئے کام کریں گے اور آج اللہ کے فضل اور مہربانی سے انہوں نے صوابی میں میگا پراجیکٹس شروع کئے جن کا گذشتہ تیس سالوں میں کسی نے نہ سوچھا نہ ووٹ لے کر دوبارہ اس علاقے کا رخ کیا بلکہ ان لوگوں نے صرف اپنے بینک بیلنس اور بیرون ملک اپنی جائیدادیں بنائی ۔مسلم لیگ نون کی سیاست کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس یونین کونسل میں گیس کنکشن کیلئے امیر مقام نے بڑے بڑے دعوے کئے مگر جب عملی طور پر پیسے جمع کرنے کا وقت آیا تو ایسا بھاگا کہ پھر مڑکر یہاں کا رخ نہیں کیا اور یہ 18کروڑ روپے ہم نے اپنے فنڈز سے جمع کرائے اور تقریباً 15سے 20دنوں میں اس علاقے میں گیس کے پائپ ڈل جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ 20فروری کو ایک بہت بڑے پراجیکٹ کا نبی چھوٹا لاہور میں افتتاح ہو رہاہے ،جس میں پی اے ایف کیڈٹ کالج 300بیڈ کا ہسپتال ،خواتین کیلئے ووکیشنل سنٹر ،پی اے ایف ڈگری کالج ،بیواؤں کیلئے ہاؤسنگ سکیم ،معذوروں کا سکول ،پبلک پارک اور یتیم خانہ بن رہاہے ۔یہ سارا 8ارب کا پراجیکٹ ہے ،اسی سے اس علاقے میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور لوگوں کا معیار زندگی بلند ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیاست اور پچھلی حکومتوں کی سیاست میں فرق یہ ہے کہ کہ ہم نے اپنی عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے ،ان کو صحت ،تعلیم اور کھیل کود کے مواقع فراہم کرنے کیلئے تگ ودو کی جبکہ ان لوگوں نے صرف عوام کا پیسہ لوٹ کر دبئی اور ملائیشاء میں اپنی جائداد یں بنائی ۔نقیب اللہ محسود کیس کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس ایشو کو پاکستان تحریک انصاف نے اٹھایا اور انہوں نے اسمبلی میں اس پر آواز اٹھائی اور ہماری جدوجہد کے نتیجے میں آج راؤانوار معطل ہوکر چوروں کی طرح چھپ رہاہے اور اس کے ساتھی پکڑے جاچکے ہیں ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر