ہنگو میں بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ سے بیزار عوام سڑکوں پر نکل آئے

ہنگو میں بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ سے بیزار عوام سڑکوں پر نکل آئے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ہنگو(بیورورپورٹ) ہنگو میں بجلی اور گیس لوڈ شیڈنگ سے بیزار عوام سڑکوں پر نکل آئے۔ علماء کرام اور مشران کی قیادت میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ۔ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف شدید نعرہ بازی۔ جنگی بنیادوں پر مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں قومی سطح پر گیس اور بجلی کنکشن ختم کرنے کا فیصلہ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ہنگو میں کم پریشرگیس اور بجلی کے ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف علماء کرام اور علاقہ مشران کی قیادت میں علاقہ عوام نے پریس کلب ہنگو کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے ضلعی انتظامیہ ،محکمہ گیس اور محکمہ واپڈا کے خلاف شدید نعرہ بازی کی ۔احتجاجی مظاہرے کے موقع پر مولانا عبدالجلیل ،اے این پی صوبائی رہنماء سید حسین علی شاہ ، سید ابن علی ،سپین خان ودیگر نے کہا کہ گیس مسئلے پر بارہاں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ گیس کیساتھ مزاکرات ہوئے لیکن بار بار مزاکرات کے باوجود تاحال گیس لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے ۔محکمہ گیس بقایاجات کا بہانہ بناکر گیس لوڈ شیڈنگ کر رہے ہیں۔ مولانا عبدالجلیل کا کہنا تھا کہ محکمہ گیس کے کوئی بقایاجات نہیں جبکہ ضلع ہنگو گیس پروڈکشن زون ہونے کے باؤجود یہاں کے عوام پر ظالمانہ گیس لوڈ شیڈنگ کیا جا رہا ہے جو کہ ہنگو کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم اور ناانصافی پر مبنی اقدام ہے۔انہوں نے کہا کہ گیس لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ہمارے بچے بغیر ناشتہ کئے سکول چلے جاتے ہیں ۔احتجاجی مظاہرے کے موقع پراے این پی صوبائی رہنماء سید حسین علی شاہ اور سپین خان کا کہنا تھا کہ گیس اور بجلی کے بل کی بروقت ادائیگی کرنے کے باوجود گھنٹوں گھنٹوں گیس اور بجلی بند رہتی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں جبکہ منتخب عوامی نمائندے بھی عوام کے مسائل پر توجہ دینے کی بجائے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہنگو میں ظالمانہ گیس اور بجلی کی ناروالوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے ۔