انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار اہم ہے : گورنر سندھ

انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کا کردار اہم ہے : گورنر سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ ملک میں نظام عدل ، انصاف کی فراہمی اور معاشرتی برائیوں کے خاتمہ میں وکلاء برادری کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، وکلاء برادری نے جمہوریت کے تسلسل اور استحکام کے لئے بے مثال جدوجہد میں لا زوال قربانیاں دیں جسے عوام قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نظام عدل کے قیام کے لئے وکلاء برادری سے ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گی اس ضمن میں وکلاء برادری کے مسائل ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈو کیٹ سید حیدر عمران رضوی ، نائب صدر ایڈوکیٹ حنیف قریشی ، جنرل سیکریٹری ایڈو کیٹ اشرف علی گلہ،خزانچی ایڈو کیٹ عزیزاللہ قمبر ، لائبریرین ایڈو کیٹ افضل میمن ، ممبر منیجنگ کمیٹی ایڈو کیٹ فہیم شاہ، ممبر منیجنگ کمیٹی ایڈو کیٹ عبد المالک راجا ، ایڈو کیٹ مس دعا ، ایڈو کیٹ افشین ، ایڈو کیٹ عبد الرحمن رانا، ایڈو کیٹ ثاقب اعوان ، ایڈو کیٹ حسنین علی چوہان ، ایڈو کیٹ غلام عباس گوئلاور ایڈو کیٹ نفیس حیدر بھی شامل تھے ۔ ملاقات میں نظام عدل ، مساوات کے قیام ، انصاف کی فراہمی ، معاشرتی برائیوں کا خاتمہ اور عوامی مسائل کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سمیت اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا ۔ ملاقات میں وکلاء برادری کے وفد نے گورنر سندھ کو کراچی بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برادری میں شرکت کی دعوت دی جو گورنر سندھ نے قبول کرلی ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عوام کو انصاف ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے حکومت نے بھرپور اقدامات اٹھائے ہیں جن میں صوبائی محتسب ادارہ فعال کردار ادا کررہا ہے اس ضمن میں دیگر ادارے بھی اہم خدمات انجام دینے میں مصروف عمل ہے ،عوامی مسائل کے خاتمہ سے ہی فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عاصمہ جہانگیر کی وفات خصوصاً وکلاء برادری کے لئے بہت بڑا صدمہ ہے کیونکہ وہ تمام زندگی عوامی حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہیں اس ضمن میں ان کی خدمات ہمیشہ یار رکھی جائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی ناہمواریوں اور گھمبیر مسائل نے عوامی مشکلات میں اضافہ کیا جس کے تدارک کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھارہی ہے ، با الخصوص معاشی استحکام ، قومی ترقی اور ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کرنے سے عوام کی مشکلات میں واضح کمی واقع ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری عوام کے مسائل ، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات کے خاتمہ میں معاون ثابت ہورہی ہیں اس ضمن میں وکلاء کو مقدمات کی پیروی میں قومی مفاد کو مدنظر رکھنا ہوگا ،معاشرہ سے ظلم ، نا انصافی ، اقربا پروری ،پسند و ناپسند ،من پسند فیصلوں اور ذاتی خواہشات کے خاتمہ کے لئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ملاقات میں کراچی بار ایسوسی ایشن کے وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ معاشرہ میں انصاف کی فراہمی کے لئے بلا امتیاز لوگوں کی خدمت کررہے ہیں اس ضمن میں بعض وکلاء پینل غریب افراد کے مقدمات انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بلا معاوضہ بھی لڑرہے ہیں ،انتظامی امور میں حائل رکاوٹوں کے باعث مقدمات کے فیصلے موئثر ثابت نہیں ہو رہے ہیں جس کے لئے حکومت کو بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس ضمن میں وہ نشاندہی کردہ مسائل کے حل کے لئے متعلقہ حکام سے رابطہ کرینگے تاکہ لوگوں سہل انصاف حاصل ہو سکے ۔

مزید : کراچی صفحہ اول

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...