لودھراں این اے 154کا معرکہ مسلم لیگ ن نے جیت لیا ، علی ترین کو شکست

لودھراں این اے 154کا معرکہ مسلم لیگ ن نے جیت لیا ، علی ترین کو شکست

لودھراں (مانیٹرنگ ڈیسک) این اے 154 لودھراں کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوارپیر اقبال شاہ نے بظاہر میدان مار لیا۔ حلقے کے مجموعی 338 پولنگ سٹیشنز میں سے 280 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر اقبال شاہ108510 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے علی ترین خان82569 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر تھے۔ تحریک لبیک پاکستان کے ملک اظہر9981 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر جبکہ پیپلز پارٹی کے مرزا محمد علی بیگ نے 2855 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ اگزشتہ روز ہونے والے رواں پارلیمانی مدت کے آخری انتخابی معرکے کیلئے 10 امیدوار مدمقابل تھے۔ پی ٹی آئی کے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین اور مسلم لیگ نون کے امیدوار پیر محمد اقبال شاہ میں کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ حلقے میں 338 پولنگ سٹیشنز بنائے گئے تھے اور یہاں رجسٹرڈ ووٹروں کی تعداد 4 لاکھ 31 ہزار ہے۔ حلقے میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور دن بھر 2 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض انجام دیتے رہے۔ پولنگ ستیشنز پر فوج بھی تعینات رہیادھرپاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین نے کہاہے کہ لودھراں میں ضمنی انتخاب کے دوران فوج کی موجودگی میں دھاندلی نہیں ہوسکتی۔پیر کو جہانگیرترین نے لودھراں میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) وزرا اور ایم این ایز اپنے امیدوار کی مہم چلاتے رہے الیکشن کمیشن کو نظر نہیں آیا۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے لودھراں جلسہ پرالیکشن کمیشن کے نوٹس کا جواب دیں گے۔

مزید : کراچی صفحہ اول