نوازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا،ایم ساجد عباسی

نوازشریف نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا،ایم ساجد عباسی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادسٹی کے جنرل سیکرٹری و نومنتخب چیئرمین ایم ساجد عباسی نے اپنے بیان میں کہاہے کہ عوام کے دلوں میں آج بھی میاں نوازشریف کی محبت و خلوص موجود ہے جسے کوئی بھی عدالت نہیں نکال سکتی،میاں نوازشریف کو پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کی سزادی جا رہی ہے،پاکستانی عوام سے محبت کی سزا دینے والوں کی سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہونگی،الزام تراشی کی سیاست کرنیوالوں کا منفی رویہ جمہوریت اورجمہوری اداروں کیلئے نقصان دہ ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف سازشیں بے نقاب ہوناشروع ہو گئی ہیں اوراب یہ بات واضح ہو کر سامنے آ رہی ہے کہ منتخب وزیراعظم میاں نوازشریف کو ایک پروگرام کے تحت نااہل کیاگیا ہے،مخالفین میاں نوازشریف کو منفی پروپیگنڈے سے پریشان نہیں کرسکتے،قائد میاں نوازشریف کے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں،سابق وزیراعظم کواحتساب کا نہیں بلکہ انتقام کا سامنا ہے وہ ہر میدان میں سرخروہونگے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں قائد میاں نوازشریف نے جو تعمیر وترقی کا جو جال پورے ملک میں پھیلایا،توانائی کے بحران پر قابوپاکر ملک سے لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کیا،امن و امان کے قیام کو یقینی بناتے ہوئے دہشتگردی کا خاتمہ کیا،معاشی طورپرملک کو مضبوط بنانے کیلئے سی پیک منصوبہ شروع کیاجس کے مکمل ہونے سے ملک جہاں معاشی طورپر ایک طاقت بن کر ابھرے گاوہاں ملک سے بیروزگاری کابھی خاتمہ ہوگا پوری قوم میاں نوازشریف کے شانہ بشانہ اور2018ء کے انتخابات میں بھی ملک کے باشعور عوام مسلم لیگ(ن) کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔مسلم لیگی رہنما نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،میاں نوازشریف کی قیادت میں ترقی اور خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا، عوام ترقی کے خلاف سازشوں کوناکام بنانے کیلئے آئندہ بھی پاکستان مسلم لیگ(ن)کا ساتھ دیں گے،سازشوں اور دھرنوں کی سیاست کے باوجود پاکستان مسلم لیگ(ن)حکومت ملکی ترقی کا سفر جاری رکھے گی اور عوام کی طاقت سے دھرنوں کی سیاست کرنے والے ناکام ہوتے رہیں گے۔چیئرمین ایم ساجد عباسی نے کہاکہ پاکستان کوبحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت میاں نوازشریف میں ہے جس کی وجہ سے عوام کے دلوں میں آج بھی پاکستان مسلم لیگ(ن)کی محبت بھری ہوئی ہے،پاکستانی عوام بیرونی ایجنڈے لے کر دھرنوں کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کردیں گے،عوام جان گئے ہیں کہ اصل جمہوری قوت سابق وزیراعظم میاں نوازشریف ہی ہیں جن کی قیادت میں ایک بارپھر عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پاکستان مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو کامیاب کریں گے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر /راولپنڈی صفحہ آخر