ماورائے عدالت ہلاکتیں،پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروا دی
اسلا م آباد ( آئی این پی ) پاکستان تحریک انصاف نے جعلی پولیس مقابلے اور ماورائے عدالت قتل کا معاملہ پارلیمینٹ میں اٹھا دیا،پاکستان تحریک انصاف نے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التواجمع کروادی جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی ایما پر جعلی پولیس مقابلے کئے جاتے ہیں اورسابق پولیس افسر عابد باکسرکا بیان اس کا کھلا ثبوت ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے مراد سعید نے جعلی پولیس مقابلے اور ماورائے عدالت قتل کے معاملے پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التواجمع کروادی۔ تحریک التوا میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ہرسال سینکڑوں افراد کو پولیس مقابلوں میں ہلاک کر دیا جاتا ہے اورگزشتہ سال صوبہ پنجاب میں 200 سے زائد افراد کو مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک کیا گیا جبکہ صرف قصور میں 137 لوگوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں مارا گیا۔ تحریک التوا میں کہا گیا کہ ان جعلی پولیس مقابلوں میں مارے جانے والے غریب لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں لہٰذا اس قومی اہمیت اور سنگین ترین معاملے پر ایوان میں بحث کی جائے۔
پی ٹی آئی/تحریک التوا