شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جمعرات تک ملتوی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث کی عدم پیشی کے باعث نیب ریفرنسز کی سماعت جمعرات تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیرنے شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔
سابق وزیراعظم نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث مصروفیات کے باعث عدالت میں پیش نہ ہوسکے۔
دوسری جانب عدالت میں مسلم لیگ ن کے صدر نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی گئی۔
بعدازاں عدالت نے شریف خاندان کےخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت جمعرات تک ملتوی کرتے ہوئے غیرملکی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرانے کی تاریخ 22 فروری مقرر کردی۔
احتساب عدالت نے آج استغاثہ کے 4 گواہان کو طلب کررکھا تھا جن کے بیانات قلمبند کئے جانے تھے، عدالت نے گواہوں کو دوبارہ 15 فروری کو طلب کر لیاہے۔