’’ باجی ہمارے گھر آئی اور بتایا کہ آپ کو تین ہزار روپے ملیں گے اور کنواری لڑکیوں کو ۔ ۔ ۔‘‘ ریڑھ کی ہڈی کا گودہ نکالنے والے گروہ کی متاثرین بھی سامنے آگئیں

Feb 13, 2018 | 12:13:PM

حافظ آباد (ویب ڈیسک) ریڑھ کی ہڈی میں انجکشن لگا کر مواد نکلنے والی 4 سگی بہنیں بھی متاثر ہیں, مریم زوجہ عدنان فاروق قوم انصاری سکنہ گلی شیلروالی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے پاس باجی آمنہ آئی اور انہوں نے کہا کہ ان کے پاس نواز شریف سکیم کے فارم آئے ہیں جن پر ان کو تین ہزار روپے ماہانہ ملاکرے گا اور کنواری لڑکیوں کو 75 ہزار روپے کا جہیز پیکج دیا جائے گا۔

ان کے جھانسہ میں آکر خود بھی متاثر ہوئی اور آمنہ باجی نے ان کی تین بہنوں ہاجرہ بی بی زوجہ محمد اسلم، رخسانہ بی بی زوجہ زبیر، فضیلت بی بی زوجہ محمد طفیل کو بھی ورغلا پھسلا کر اپنے گھر لے گئی اور ان کی ریڑھ کی ہڈی میں انجکشن لگا کر مواد نکالا گیا مگر ان کو کوئی رقم نہیں دیا گیا جبکہ انجکشن کے بعد ان کے ہاتھ پاﺅں سن ہونا شروع ہوگئے ، ان کے بازو میں درد رہتا ہے۔

روزنامہ خبریں کے مطابق ملزمہ آمنہ بی بی جس کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوایا گیا ہے، نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک گروہ کی شکل میں یہ دھندہ طویل عرصہ سے کررہے ہیں اور اب تک 90 کے قریب غریب لڑکیوں کے جسموں سے مواد نکالا جاچکا ہے۔ اخبار کے مطابق متاثرہ لڑکیاں شدید جسمانی تکلیف میں مبتلا ہیں اور علاج معالجہ کے باوجود تندرست ہونے کے بجائے دن بہ دن مزید لاغر اور نیم اپاہج ہوچکی ہیں۔

دریں ثناءگرفتار ملزمہ کی نشاندہی پر پرلیس نے گروہ کے متعدد ارکان کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق تفتیش جاری ہے اور بہت جلد اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

مزیدخبریں