لودھراں ضمنی الیکشن میں شکست ، ابتدائی رپورٹ چیئرمین تحریک انصاف کو پیش
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لودھراں کے ضمنی الیکشن میں شکست کی وجوہات کی ابتدائی رپورٹ چیئرمین تحریک انصاف کو پیش کردی گئی ہے۔
نجی ٹی وی سما کے مطابق لودھراں الیکشن میں ہار پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سخت برہم ہیں ، پارٹی قیادت نے چیئرمین کو لودھراں میں شکست کی وجوہات کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی ہے۔ تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کے دوران ووٹر کو باہر نکالنے پر کام نہیں ہوا جبکہ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت لیڈر شپ کے پروٹوکول میں مصروف رہی اور الیکشن مہم کے ذمہ داران گراﺅنڈ پر کام کرنے کی بجائے نمائش میں لگے رہے۔
رپورٹ میں سینئر قیادت کی غفلت کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ لودھراں الیکشن کیلئے دوسرے شہروں سے آنے والی لیڈر شپ صرف میڈیا کوریج تک محدود رہی اور ووٹر سے براہ راست رابطہ نہیں رکھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الیکشن مہم کے دوران حکومتی حلقوں کی جانب سے ضابطوں کی کچھ خلاف ورزیاں بھی کی گئیں۔