شاہد آفریدی نے بھارتی تماشائی کیساتھ تصویر لیتے ہوئے انہیں ترنگا سیدھا کرنے کو کیوں کہا؟ ایسی وضاحت دیدی کہ بھارتیوں کے سر شرم سے جھک جائیں گے

شاہد آفریدی نے بھارتی تماشائی کیساتھ تصویر لیتے ہوئے انہیں ترنگا سیدھا کرنے ...
شاہد آفریدی نے بھارتی تماشائی کیساتھ تصویر لیتے ہوئے انہیں ترنگا سیدھا کرنے کو کیوں کہا؟ ایسی وضاحت دیدی کہ بھارتیوں کے سر شرم سے جھک جائیں گے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کے مایہ ناز آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے بھارتی تماشائی کی ان کے جھنڈے کیساتھ لی گئی تصویر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہئے جبکہ ایسا کرنے کا مقصد یہ تھا کہ اس بھارتی تماشائی کی اچھی تصویر آ سکے۔


انہوں نے یہ وضاحت پیر کے روز نوجوانوں کو بااختیار بنانے کیلئے مائیکروسافٹ پاکستان کیساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دوسری قوموں کے پرچم کا بھی احترام کرنا چاہئے۔ اس وجہ سے بھارتی تماشائی سے پرچم کو صحیح طریقے سے پکڑنے کا کہا اور میں یہ بھی چاہتا تھا کہ اس کی تصویر اچھی آئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے سوئٹزرلینڈ میں برف پر کھیلے گئی نمائشی میچ کی سیریز کے دوران شاہد آفریدی کی بھارتی پرچم کے ہمراہ تماشائی کے ساتھ لی گئی تصویر کو بھارت بھر میں بہت سراہا گیا تھا لیکن وہیں دوسری جانب پاکستان میں افراد کی جانب سے ان پر کڑی تنقید کی گئی۔


پاکستان اور بھارت کے درمیات کرکٹ تعلقات کے سوال پر شاہد آفریدی نے کہا کہ ہم امن کے سفیر ہیں اور دنیا بھر میں محبت اور امن پھیلانا چاہتے ہیں۔ دونوں ملکوں کے کرکٹرز تعلقات میں بہتری کیلئے کرکٹ کھیلتے ہیں۔ ہم سب آپس میں اچھے دوست ہیں اور آئس کرکٹ میں ہمارا بہت اچھا وقت گزرا۔


اس موقع پر انہوں نے قومی ٹیم کی نیوزی لینڈ میں کارکردگی پر تبصرہ بھی کیا اور کہا کہ دورے کیلئے تیاری نہ کرنے پر ٹیم کو ون ڈے سیریز میں شکست ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ دورہ نیوزی لینڈ کیلئے ہم نے محض ایک دن کیمپ میں ٹریننگ کی، آخر ہم نیوزی لینڈ جا رہے تھے یا دبئی؟۔ جب بھی ہم مشکل دوروں پر جاتے ہیں تو ہمیں زیادہ سے زیادہ پریکٹس کرنی چاہیے کیونکہ میچز جیتنے کیلئے پریکٹس، فٹنس اور صلاحیت ہی معنی رکھتی ہے۔