”مجھے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور پھر مسلسل۔۔۔“لڑکی نے معروف ایم این اے پر جنسی زیادتی کا الزام لگا دیا

”مجھے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور پھر مسلسل۔۔۔“لڑکی نے معروف ایم این اے ...
”مجھے نوکری کا جھانسہ دے کر بلایا اور پھر مسلسل۔۔۔“لڑکی نے معروف ایم این اے پر جنسی زیادتی کا الزام لگا دیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن )متحدہ قومی موومنٹ کے رکن قومی اسمبلی سلمان مجاہد بلوچ پر جنسی زیادتی کا الزام لگ گیا ۔

میڈ یا رپورٹس کے مطابق کراچی کی ایک لڑکی نے سماجی کارکن صارم برنی سے رابطہ کیا اور انہیں ثبوت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مجاہد بلوچ نے اس کو مسلسل زیادتی کا نشانہ بنا یا ہے لہذا رکن قومی اسمبلی کے خلاف کارروائی میں مدد کی جائے۔لڑکی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سلمان مجاہد بلوچ نے نوکری کا جھانسہ دے کر اسے اپنے آفس بلا یا اور زیادتی کا نشانہ بنا دیا ،اس کے بعد میری غیر اخلاقی تصاویر اور ویڈیوز لے کر بلیک میلنگ شروع کردی اور کافی عرصے تک مسلسل زیادتی کا نشانہ بناتے رہے ۔اس نے کہا کہ جب میں نے شادی کی تو سلمان مجاہد نے ناراض ہو کر میرے خلاف جھوٹا مقدمہ کرادیا ۔سماجی کارکن صارم برنی نے متاثرہ لڑکی کی مدد کرتے ہوئے ایف آئی آر درج کرادی ۔دوسری جانب سلمان مجاہد بلوچ نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان تمام الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے خلاف سازش کی جا رہی ہے جبکہ سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو جوائن کرنے کے بعد  میرے خلاف سارا گیم پلان کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے بھی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا سے وابستہ کارکن احسن علوی پر بندوق تان کر ہراساں کرنے کے الزام میں سلمان بلوچ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی۔احسن علوی کا کہنا تھا کہ وہ ڈیفنس فیز 2 کی ایک گلی سے گزر رہے تھے کہ مخالف سمت سے سلمان مجاہد اپنی گاڑی میں آرہے تھے،گلی  تنگ ہونے کی وجہ سے وہ سلمان ماجد بلوچ کی گاڑی کو فوری طور پر راستہ نہ دے سکے، جس پر سلمان مجاہد بلوچ کے گارڈز نے ان پر اسلحہ تان لیا اور نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہوئے دھمکیاں دیں۔

مزید : اہم خبریں /علاقائی /سندھ /کراچی