عاصمہ جہانگیر نے آخری آرام گاہ کے حوالے سے اپنی وصیت اپنے شوہر اور اہل خانہ سے پوشیدہ رکھی تھی

عاصمہ جہانگیر نے آخری آرام گاہ کے حوالے سے اپنی وصیت اپنے شوہر اور اہل خانہ ...

لاہور(سعید چودھری )ممتاز قانون دان اور حقوق انسانی کی علمبردار عاصمہ جہانگیر مرحومہ نے اپنی آخری آرام گاہ کے حوالے سے اپنی وصیت اپنے شوہر اور اہل خانہ سے پوشیدہ رکھی تھی ۔انہوں نے اپنے بیٹے جیلانی جہانگیر کو صرف اس حد تک آگاہ کیا تھا کہ انہوں نے اپنی تدفین کے حوالے سے پاکستان بار کونسل کے 3 ارکان کو وصیت کردی ہے ،میرے مرنے کے بعد وہ جہاں کہیں گے مجھے وہاں دفن کرنے دیا جائے ۔

پاکستان بار کونسل کے رکن اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ عاصمہ جہانگیر نے انہیں ،محمد احسن بھون اور عابد ساقی کو چند ماہ قبل وصیت کی تھی کہ زندگی کا کوئی پتہ نہیں ہوتا ۔میرے مرنے کے بعد مجھے میرے بیدیاں روڈ پر واقع میرے فارم ہاﺅس پر دفن کیا جائے ۔انہوں نے بتایا کہ عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے گھر والوں کو اس وصیت سے اس لئے آگاہ نہیں کیا کہ وہ مجھے گلبرک یا کسی قریبی قبرستان میں دفن ہونے کے لئے منا لیں گے ۔فارم ہاﺅس میں درختوں کی بڑی گھنی چھاﺅں ہے ،باغیچہ تیار ہوگیا ہے ،میں نہیں چاہتی کہ مجھے کسی عام قبرستان میں دفن کردیا جائے اور تین چار سال بعد گورکن میری ہڈیاں نکال کر وہاں کسی اور کو دفن کردیں ۔اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ عاصمہ جہانگیر کے مرنے کے بعد ان کے بیٹے جیلانی جہانگیر نے ہم سے پوچھا کہ ان کی والدہ نے کس جگہ دفن ہونے کی وصیت کی تھی ۔جس پر انہیں آگاہ کیا گیاتو عاصمہ جہانگیر کے گھر والوں نے ان کی وصیت کے احترام میں ان کی بیدیاں روڈ کے فارم ہاﺅس میں تدفین کی اجازت دے دی اور انہیں ان کی وصیت کے مطابق وہاں دفن کیا گیا۔

لائیو ٹی وی دیکھنے کے لئے اس لنک پر کلک کریں

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...