سینیٹ کے 2 لیگی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا اقدام لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج
لاہور(نامہ نگار خصوصی )سینیٹ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن )کے 2امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
اس سلسلے میں آئینی درخواست ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے دائر کی ہے ۔ درخواست گزار وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاہے کہ رانا مقبول اور شاہین بٹ کے کاغذات نامزدگی میں مکمل طور پر جانچ پڑتال نہیں کی گئی ،رانا مقبول سیکرٹری پراسکیوشن اوروزیراعلیٰ کے مشیرکے عہدہ پر رہ چکے ہیں، رانا مقبول کو سرکاری عہدہ چھوڑے 2سال مکمل نہیں ہوئے۔درخواست گزار نے نشاندہی کی کہ شاہین بٹ اوورسیز پاکستانیزکمشنر ہیں اور قانون کے مطابق سرکاری عہدہ پر فائز شحض الیکشن نہیں لڑ سکتا،عدالت دو نوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظوری کا اقدام کالعدم قرار دے۔