ہائی کورٹ :توہین عدالت کیس میں فیملی کورٹ کی خاتون جج طلب
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے خاتون جج فیملی کورٹ فیروزوالہ رابعہ سلیم کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر جج فیملی کورٹ فیروزوالہ رابعہ سلیم کو 19 مارچ کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیاہے۔
جسٹس شاہد مبین نے شہری قاسم علی کی درخواست پر سماعت کی ،درخواستگزار کی جانب سے ایڈووکیٹ شمائل پراچہ نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا فیملی عدالت فیروزوالہ میں بچوں کے خرچے سے متعلق مقدمہ زیر سماعت ہے ۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خاتون جج نے قاسم خان کو بچوں کو خرچہ ادا کرنے کا حکم دیا تھا جسے لاہور ہائکورٹ میں چیلنج کیا گیا وکیل نے نشاندہی کی کہ عدالت عالیہ فیملی جج کے فیصلے پر حکم امتناعی جاری کر چکی ہے ۔عدالتی حکم کے باوجود خاتون جج نے مقدمے پر کاروائی جاری رکھتے ہوئے قاسم خان کو عدالتی حکم پر عمل درآمد نہ کرنے پر جرمانہ عائد کر دیا جو توہین عدالت کے مترادف ہے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی حکم عدولی پر جج فیملی کورٹ فیروزوالہ رابعہ سلیم کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔