آنکھ پر اس طرح کا دانہ نکل آئے تو کبھی غلطی سے بھی اسے پھوڑیں مت، کیسے نجات حاصل کر سکتے ہیں؟ جانئے وہ بات جو آپ کو بہت بڑی مشکل سے بچا سکتی ہے
برمنگھم(نیوز ڈیسک) آنکھ پر پلکوں کے قریب نمودار ہونے والا سرخ رنگ کا دانہ بہت پریشانی کا سبب بنتاہے اور جی بہت چاہتا ہے کہ اسے دبا کر پھوڑ ڈالیں، مگر یہ غلطی بھول کر بھی نا کریں۔ لیزر آئی سرجن ڈاکٹر منگ وانگ کا کہنا ہے کہ پلکوں کی جڑوں میں خشکی اور آلودگی جمع رہنے کی وجہ سے ان میں بیکٹیریا پیدا ہوجاتے ہیں جن کے باعث لال رنگ کا دانہ نمودار ہو جاتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ دانہ ’میبولین گلینڈز‘ میں بیکٹیریا داخل ہونے سے سے نمودار ہوتا ہے۔
ڈاکٹر منگ وانگ بتاتے ہیں کہ اگر آپ کی آنکھ پر یہ دانہ نکل آئے تواس کے ساتھ ہرگز چھیڑ چھاڑ مت کریں۔ایسی صورت میں ماہر ڈاکٹر سے رابطہ کریں۔ ڈاکٹر اس کیلئے عموماً اینٹی بائیوٹک ادویات تجویز کرتے ہیں۔ اگر آپ ان ادویات کا استعمال شروع کرتے ہیں تو ڈاکٹر کی ہدایات کے مطابق علاج مکمل کریں کیونکہ اسے درمیان میں چھوڑنے سے مسئلہ زیادہ سنگین ہوسکتا ہے۔ دانے کے جلد خاتمے کے لئے ادویات کے استعمال کے ساتھ آپ اسے وقتاً فوقتاً نیم گرم کپڑے سے نرمی کے ساتھ دباسکتے ہیں۔ آپ ایسا دن میں کئی بار کرسکتے ہیں۔
عام طور پر یہ مسئلہ ادویات سے باآسانی حل ہوجاتاہے لیکن اگر علاج نہ کروایا جائے تو دانہ سخت ہوجاتا ہے اور پھر اس کے خاتمے کے لئے آپریشن کی ضرورت بھی پڑسکتی ہے۔ اس دانے کو پھوڑنے سے مکمل گریز کرنا اس لئے ضروری ہے کہ ایسا کرنے سے انفیکشن آپ کی آنکھ تک پھیل سکتاہے۔ بعض ایسے کیس بھی دیکھے گئے ہیں کہ یہ انفیکشن آنکھ کے راستے دماغ تک پہنچ گیا۔ یہ صورتحال انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے لہٰذا احتیاط لازم ہے۔