بھارتی خاتون کا ساڑھی میں سکائی ڈائیونگ کا منفرد ریکارڈ
نئی دہلی (آئی این پی ) بھارتی خاتون سکائی ڈائیور نے تھائی لینڈ میں ساڑھی میں ہزاروں فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر سکائی ڈائیونگ میں منفرد ریکارڈ بنا ڈالا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر پونے سے تعلق رکھنے والی 35 سالہ شیتل رانے نے تھائی لینڈ میں ساڑھی پہن کر 13 ہزار فٹ کی بلندی پر جہاز سے چھلانگ لگائی اور اسکائی ڈائیونگ کا مظاہرہ کرکے یہ کارنامہ سرانجام دیا اور کامیابی سے زمین پر لینڈنگ کی اور موقع پر موجود لوگوں سے خوب داد بھی وصول کی۔شیتل کا اس حوالے سے کہناتھاکہ اگلے ماہ خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے میں کچھ منفرد کرنا چاہتی تھی، یہی وجہ ہے کہ میں نے سکائی ڈائیو کے لیے ساڑھی پہننے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ یہ فیصلہ آسان نہیں تھا اور اس کے لیے انہیں ساڑھی پہننے سے لے کر ہر چیز کا بہت خیال رکھنا پڑا۔
شیتل نے کہا کہ وہ یہ ثابت کرنا چاہتی تھیں کہ بھارتی خواتین نہ صرف روزمرہ زندگی میں ساڑھی کو بہت اچھے طریقے سے سنبھال سکتی ہیں بلکہ سکائی ڈائیونگ جیسے ایڈونچرز کے دوران بھی اس لباس کا استعمال کرسکتی ہیں۔واضح رہے کہ شیتل اس سے قبل بھی سکائی ڈائیونگ کرکے کئی نیشنل اور انٹرنیشنل ریکارڈز اپنے نام کرچکی ہے۔