موجودہ دور میں فن و ثقافت کا جس طرح گلہ گھونٹا جا رہا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی :میاں افتخار حسین
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں فن و ثقافت کا جس طرح گلہ گھونٹا جا رہا ہے تاریخ میں اس کی مثال نہیں ملتی ،وفاق پی ٹی وی میں خیبر پختونخوا کا بنیادی حق دے اور ہمارے صوبے کے فنکاروں کو برابری کی بنیاد پر کام کرنے کے مواقع فراہم کرے، اے این پی دور میں فنکاروں کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی گئی اور جب ہم اقتدار میں آئے تو نشتر ہال کو تالے لگے ہوئے تھے ، جسے ہم نے دہشت گردوں کو شکست دینے کی خاطر کھولا اور ثقافتی سرگرمیوں کا آغاز کیا۔
باچا خان مرکز میں خیبر پختونخوا کے ناور اور سینئر فنکاروں میں ایوارڈ کی تقسیم کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میاں افتخار حسین نے کہا کہ فنکار کسی بھی ملک کے سفیر ہوتے ہیں اور امن کا پیغام پہنچانے میں فنکاروں کا کوئی ثانی نہیں،باچا خان بابا نے ہمیشہ کسب گر کو عزت دی کیونکہ آج ہم انہی کسب گروں کی وجہ سے ایکدوسرے سے مقابل ہیں۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ ہم نے صوبے میں فن و ثقافت کو زندہ رکھنے کیلئے امریکہ جیسی سپر پاور سے ٹکر لی جس نے ڈکٹیٹر ضیا الحق اور اپنے پیدا کردہ دہشت گردوں کے ساتھ مل کر یہاں فن کی بساط لپیٹ دی تھی، پختونخوا ریڈیو کی بنیاد رکھنے کا اعزاز بھی اے این پی کو حاصل ہے ،انہوں نے تقریب میں شریک فنکاروں سے کہا کہ قوم کو درپیش مشکلات کے حل میں اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔