کشکول اور ڈھول کی سیاست سے ملک میں تبدیلی نہیں آئیگی ‘ لیاقت بلوچ
ملتان (نیوز رپورٹر)سیکرٹر ی جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ کشکول کی معیشت اور ڈھول کی سیاست سے تبدیلی نہیں آسکتی ۔ دیرپا تبدیلی کے لیے نظریہ پاکستان کو بنیاد بنا کر اپنے لوگوں پر اعتماد اور خود انحصاری کا باعزت راستہ اختیار کرناہوگا ۔مسلم لیگ ، پیپلز(بقیہ نمبر47صفحہ7پر )
پارٹی اور مشرف حکومتوں کا ستیاناس کرنے والے اکٹھے ہو کر اب موجودہ حکومت کا ستیاناس کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔ ان سے معیشت درست ہو سکتی ہے نہ حکومت چلتی ہے ۔ 70 سالہ ناکام تجربات کے باوجود سنبھلنے کا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ اداروں سے سیاست کا خاتمہ کرنے کے بلند و بانگ دعوے کرنے والوں نے اداروں میں مدا خلت کو اپنا وطیرہ بنالیاہے ۔ احتساب کے نعرے لگاتے ہیں لیکن جب اپنے وزیر اور رشتہ دار احتساب کی زد میں آتے ہیں تو یہ چپ سادھ لیتے ہیں ۔ کرپٹ مافیا پی پی ، مسلم لیگ ، پی ٹی آئی اور اداروں میں ہر جگہ موجود ہے ۔ یہ مافیا چاہتاہے کہ احتساب کا سلسلہ بند ہو جائے اور انہوں نے جو لوٹ مار کی ہے ، اس کے بارے میں ان سے کوئی پوچھنے والا نہ ہو لیکن قوم اب بے لاگ احتساب اور لوٹی گئی دولت کی واپسی پر کمپرومائز کرنے کو تیار نہیں۔ پاکستان کو بچانا ہے تو احتساب کرنا اور قومی خزانے کو لوٹ کر دولت باہر منتقل کرنے والوں سے ایک ایک پائی وصول کرنا ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں غلبہ دین اور نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ہمیں جس طرح کل کا سورج طلو ع ہونے کا یقین ہے اس سے بڑھ کر یہ یقین ہے کہ پاکستان میں دین غالب ہو کر رہے گا ۔ ملک و قوم کی خوشحالی اسلام کے عادلانہ نظام سے ہی ممکن ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا کا بیانیہ بدل رہاہے امریکہ اور نیٹو سترہ سال افغانستان کے پہاڑوں سے سر ٹکرانے کے بعد عبرتناک شکست کھا کر افغانستان سے نکلنے پر مجبور ہوئے ہیں ، اسی طرح بھارت کو کشمیر اور اسرائیل کو فلسطین سے نکلنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہاکہ یکجہتی کشمیر پاکستان کے ہر فرد کی رگوں میں دوڑتے خون کے اہم ترین جزو کی مانند ہے ۔ عالمی برادری اپنی بے حسی اور مجرمانہ غفلت ترک کرے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کا اسلام آباد کی جانب ملین مارچ کا اعلان کوئی خفیہ منصوبہ نہیں انہوں نے جمعیت علمائے اسلام کے کراچی ، لاہور ، ملتان ، سکھر اور ڈیرہ اسماعیل خان کے ملین مارچ جلسوں میں اعلان کیا ہواہے ۔ جماعت اسلامی نے ان تمام تحفظ ناموس رسالت ؐمارچوں میں شرکت کی ہے۔
لیاقت بلوچ