مردان ،آر پی پی سی نے 84 اے ایس آئی کو ایس آئی کے عہدہ پر ترقی دے دی
مردان (بیورورپورٹ )ریجنل پولیس پروموشن کمیٹی نے 84اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدہ پر ترقی دے دی ریجنل پولیس آفیسر محمد علی خان کی زیر صدارت پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔جس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے پر غور کیا گیا۔کمیٹی کے ممبران میں ڈی پی او مردان سجاد خان، ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان، ایس پی انوسٹیگیشن نوشہرہ افتخار شاہ، ایس پی انوسٹیگیشن صوابی محمد آیاز، ایس ڈی پی او رذڑ صوابی سجاد خان، ڈی ایس پی لیگل شفیق خان اورآفس سپرنٹنڈنٹ اسلام گل شامل تھے۔ ممبران نے ملازمین کے سروس ریکارڈکی چھان بین، کردار، شہرت اور کام سے دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے 84اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پرپروموٹ کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی اور ہدایت کی کہ وہ اپنے کام میں نکھار پیدا کرتے ہوئے اپنے سروس ریکارڈ کو مزید بہتر بنائے۔ ریجنل پولیس آفیسر مردان محمد علی خان نے ترقی پانے والے اسسٹنٹ سب انسپکٹرز سے کہا کہ وہ محکمہ پولیس کا ایک اہم حصہ ہیں۔ ترقی پانے سے آپ کے کندھے پر ذمہ داریوں کا بوجھ بڑھ گیا ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ ان ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔ڈی آئی جی مردان نے تمام پولیس افسران کو مخاطب ہو کر کہا کہ کام میں عزت اور عظمت ہے۔محنت اور دیانتداری سے فرائض منصبی انجام دئیے جائیں۔ انہوں نے ان کے لئے نیک تمناؤؤں کا اظہار بھی کیا۔ ڈی آئی جی مردان نے مزید کہا کہ ترقی و کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ انسان منفی ہتھکنڈوں سے باز رہے اورصدق دل سے مخلوق خدا کی بے لوث خدمت کر کے دعائیں لے۔اس موقع پرترقی پانے والے پولیس افسران نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں محکمہ کی عزت کے لئے صرف کریں گے۔ اپنے سئنیر افسران اور عوام کو شکایت کا موقع نہیں دیں گے۔