پی ایس ایل 4ٹرافی کی رونمائی ، افتتاحی تقریب آج ایونٹ کل شروع ہو گا

پی ایس ایل 4ٹرافی کی رونمائی ، افتتاحی تقریب آج ایونٹ کل شروع ہو گا

لاہور(اے پی پی )تقریبِ رونمائی میں ایونٹ کا حصہ بننے والی تمام 6 ٹیموں کے کپتانوں، چیئرمین پی سی بی احسان مانی اور منیجنگ ڈاکٹر وسیم خان وسیم خان شریک ہوئے۔قبل ازیں پریس کانفرنس میں تمام کپتانوں نے ٹائٹل پر قبضہ جمانے کا عزم ظاہر کیا۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ گزشتہ برس میں منزل کے قریب پہنچ کر ہمت ہار جاتے رہے، اس بار مشن مکمل کرنے کی کوشش کریں گے۔لاہور قلندرز کے کپتان محمد حفیظ نے کہا کہ گزشتہ ایڈیشنز میں کی جانے والی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے اس بار پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہنے والی ٹیم کا ٹیگ اتارنے کی کوشش کریں گے۔کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا پی ایس ایل تھری میں انجری کی وجہ سے پورا ٹورنامنٹ نہیں کھیل پایا تھا، اس بار وسیم اکرم کی رہنمائی میں ٹائٹل کا خواب پورا کریں گے، پی ایس ایل کے پاکستان میں میچز انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔محمد سمیع نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت ملنا بڑے اعزاز کی بات ہے، اس بڑی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ٹیم کو مسلسل دوسری بار ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہتا ہوں۔ملتان سلطانز کے کپتان شعیب ملک نے کہا کہ گزشتہ ایونٹ کے آغاز میں اچھی کارکردگی دکھائی، کوشش کریں گے کہ تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کریں۔پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا کہ ہر ٹیم اچھی نظر آ رہی ہے خاص طور پر لاہور قلندرز مضبوط سکواڈ ہیں، ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔یاد رہے کہ پی ایس ایل 4کے لاہور میں میچز 9، 10 اور 12 جبکہ کراچی میں7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو شیڈول ہیں۔ پاکستان سپر لیگ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کا آغاز (کل) جمعرات سے رنگارنگ افتتاحی تقریب کے ساتھ ہو گا۔ اے بی ڈی ویلیئرز اور کولن منرو سمیت نامور انٹرنیشنل کھلاڑی مختلف ٹیموں کی طرف سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی اور اس نے ٹائٹلز کی ہیٹرک مکمل کرنے پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں۔ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے خلاف افتتاحی میچ سے ٹائٹل دفاع مہم کا آغاز کرے گی۔ 17 مارچ تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے قسمت آزمائی کریں گی جن میں اسلام آباد یونائیٹڈ، لاہور قلندرز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز شامل ہیں۔ لیگ میں شریک ہر ٹیم 10، 10 میچز کھیلیں گی جن میں سے ٹاپ فور ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی حاصل کریں گی۔ سابق جنوبی افریقن بلے باز اے بی ڈی ویلیئرز پہلی بار لیگ میں حصہ لیں گے۔ لاہور قلندرز نے ان کی خدمات حاصل کر رکھی ہیں۔ محمد سمیع اسلام آباد یونائیٹڈ، عماد وسیم کراچی کنگز، محمد حفیظ لاہور قلندرز، شعیب ملک ملتان سلطانز، ڈیرن سیمی پشاور زلمی اور سرفراز احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کریں گے۔ شاہد خان آفریدی جو کہ پشاور زلمی اور کراچی کنگز کی نمائندگی کر چکے ہیں اس بار ملتان سلطانز کی نمائندگی کریں گے۔ مصباح الحق جو کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کر چکے ہیں وہ اس مرتبہ پشاور زلمی کا حصہ ہوں گے۔ واضح رہے کہ دو ٹاپ ٹیموں کے درمیان فائنل 17 مارچ کو کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی