بجلی چوروں کا لیسکو ٹیم پر تشدد، درجنوں گرفتار ، 200گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑا گیا

بجلی چوروں کا لیسکو ٹیم پر تشدد، درجنوں گرفتار ، 200گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑا ...

لاہور( سٹی رپورٹر) چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایت پر لیسکو کی ٹاسک فورس کی ٹیموں نے شہر میں بجلی چوروں کے خلاف گزشتہ روز بھی بڑے پیمانے پر آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا ہے اور اس سلسلہ میں ایس ای ناردرن سرکل عطرت حسین کی نگرانی میں ٹاسک فورس کی ٹیم نے گزشتہ روز کالا خطائی روڈ پر واقع لدھے کے گاؤں میں چھاپہ مار کر 100 گھروں کا جعلی نیٹ ورک پکڑ لیا جس میں 6 گھریلو میٹروں سے 100 سے زائد گھروں کو بجلی سپلائی کی جا رہی تھی جبکہ اسی گاؤں میں ڈائریکٹ کنڈیاں لگا کر اور ایک فلٹریشن پلانٹ اور 30 گھروں میں بجلی چوری بھی پکڑی گئی ہے۔ ایس ای ناردرن سرکل عطرت حسین کے مطابق آپریشن کے دوران بجلی چوروں کی ایک بڑی تعداد نے لیسکو کی ٹاسک فورس پر حملہ کر دیا اور ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا جس پر پولیس کو موقع پر بلایا گیا اور پولیس نے 15 سے زائد بجلی چوروں کوموقع پر ہی گرفتار کر لیا ۔ آپریشن کے دوران فلٹریشن لانٹ اور گھروں سے ڈائریکٹ سپلائی منقطع کردی گئی جبکہ گاؤں میں نصب بجلی کے 2 ٹرانسفارمر بھی اتار لئے گئے جبکہ بجلی چوروں کو 2 لاکھ سے زائد کے جرمانے بھی ڈال دئیے گئے۔ اسی طرح ایس ای ففتھ سرکل محمد رمضان بٹ کی نگرانی میں ایکسیئن کینٹ مزمل حسین نے ایس ڈی او بی آر بی محمد علی اور ایس ڈی او گلدشت ٹاؤن محمد آصف شاہ سمیت میٹر انسپکٹر محمد آصف نے 35 لاکھ سے زائد کی بجلی چوری پکڑ لی۔ اس حوالے سے ایس ای ففتھ سرکل محمد رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف تھانہ شمالی چھاؤنی اور تھانہ برکی میں الگ الگ مقدمات درج کروانے کے لئے درخواستیں دے دی گئی ہیں۔اسی طرح ایس ای ساؤتھ سرکل لیسکو رمضان بٹ کی ہدایت پر ایکسین ڈیفنس ڈویژن محمد عباس کی سربراہی میں ایس ڈی او امرسدھو سب ڈویژن عثمان رحمت نے مین بازار چونگی امرسدھو میں چھاپہ مار کر بجلی چوراظہر حسین کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور ڈیڈکشن بل کی مد میں بھاری جرمانہ عائد کرکے مقامی تھانے میں الیکٹرک ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کروا دیا

مزید : میٹروپولیٹن 1