ایف بی آر کے مارکیٹوں میں چھاپے فی الفور رو کے جائیں: لاہور چیمبر

ایف بی آر کے مارکیٹوں میں چھاپے فی الفور رو کے جائیں: لاہور چیمبر

لاہور(نیوز رپورٹر)) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر، وزیرمملکت برائے ریونیو حماد اظہر اور چیئرمین ایف بی آر محمد جہانزیب خان سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹیکس عملے کی جانب سے کاروباری املاک پر چھاپوں کا نوٹس لیں اور انہیں فی الفور روکنے کے احکامات صادر کریں کیونکہ ان کی وجہ سے کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمراور وزیر مملکت برائے ریونیو حماد اظہر نے اپنے حالیہ دورہ لاہور چیمبر میں اعلان کیا تھا کہ ٹیکس عملہ مارکیٹوں میں چھاپے نہیں مارے گا مگر ان احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹیکس عملہ مسلسل تاجروں کو ہراساں کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوابدیدی اختیارات کا غلط استعمال اور مینوفیکچرنگ یونٹس، گوداموں اور دکانوں پر چھاپے مارکر تاجروں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ فوری طور پر نہ روکا گیا تو نہ صرف رواں سال کے لیے محاصل وصولی کا بھاری ہدف پورا کرنا ناممکن ہوجائے گا بلکہ تاجر بھی کاروبار بند کرنے پر مجبور ہوجائیں گے جس سے بے روزگاری کا ایک سیلاب آئے گا اور بے شمار مسائل جنم لیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں میں سیلز ٹیکس سے متعلقہ دستاویزات چیک کرنے کے نام پر چھاپے مارے جارہے ہیں جس کی وجہ سے تاجر شدید پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھاری ریونیو ٹارگٹ حاصل کرنے کے لیے موجودہ ٹیکس دہندگان کو سہولیات دیکر مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں آنے کی ترغیب دینا ضروری ہے لیکن اقدامات اس کے برعکس اٹھائے جارہے ہیں جس سے تاجروں کی شدید حوصلہ شکنی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ایسے اقدامات کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے بلکہ حکومت کی ساکھ بھی متاثر ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کوٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور انڈر انوائسنگ و سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں لیکن اس کے اہلکار مینوفیکچرنگ یونٹس اور مارکیٹوں میں چھاپے مارکرحکومت کی ان کوششوں پر پانی پھیر رہے ہیں جو وہ تجارتی و معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اٹھارہی ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ فی الفور ٹیکس عملے کو مارکیٹوں میں چھاپے مارنے سے منع کردے۔

مزید : کامرس