نواز شریف کا میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت پر زور، نیب نے مخالفت کردی ، جیل میں مکمل طبی معائنہ

نواز شریف کا میڈیکل گراؤنڈ پر ضمانت پر زور، نیب نے مخالفت کردی ، جیل میں مکمل ...

اسلام آباد (آئی این پی،این این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت واپس لینے کی درخواست منظور کرلی، نواز شریف نے میرٹ پر ضمانت کی پہلے جمع کروائی گئی درخواست واپس لے لی ، صرف میڈیکل گراؤنڈ پر درخواست ضمانت پر زور دیا گیا ہے۔ منگل کو سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست ضمانت پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیئے، انہوں نے کہا کہ5جنوری کو نوازشریف کی میرٹ پرضمانت کیلئے درخواست دائر کی، تاہم نواز شریف کی صحت 15جنوری کو خراب ہوئی جس پر صحت کی خرابی کی وجہ سے میڈیکل گراؤنڈ پرضمانت کی دوبارہ درخواست جمع کروائی۔نواز شریف کے وکیل نے صرف میڈیکل گراؤنڈ پر درخواست ضمانت پر زور دیا جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی میرٹ پرضمانت واپسی کی درخواست منظور کر لی۔جبکہ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ میں نوازشریف کی درخواست ضمانت پر نیب نے بھی اپنا جواب جمع کرادیا ہے ۔ نیب کے جواب میں کہاگیاکہ نواز شریف کو دستیاب بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔نیب کے مطابق نواز شریف طبی بنیادوں پر ضمانت کے حق دار نہیں۔نیب جواب میں کہاگیا کہ نواز شریف کی درخواست ضمانت مسترد کر دی جائے۔ نیب جواب میں کہاگیا کہ میڈیکل گراؤنڈ پر نواز شریف کو ضمانت نہیں دی جاسکتی۔

درخواست ضمانت

لاہور (کرائم رپورٹر) سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کوٹ لکھپت جیل میں مکمل طبی معائنہ کیاگیا۔ نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت جیل انتظامیہ کی موجودگی میں محکمہ صحت پنجاب کی جانب سے بنائے جانیوالے ڈاکٹروں کے پینل نے نواز شریف کا طبی معائنہ کرتے ہوئے جلداور شوگر کے ٹیسٹ لئے اور انہیں ادویات تجویز کیں ۔دوسری طرف سابق وزیر اعظم کی بحالی صحت کے سلسلے میں سینئر پارٹی رہنما چوہدری شہباز کی جانب سے چاہ میراں میں ایک دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے راہنماؤں سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور نواز شریف کی صحت کی بحالی کے سلسلے میں دعا کی گئی۔

نوازشریف کا طبی معائنہ

مزید : صفحہ اول