ایکسین عبدالخالق کا ایئر کنڈ یشنر زکی بحالی کی مد میں خزانے کو2ارب کا ٹیکہ

ایکسین عبدالخالق کا ایئر کنڈ یشنر زکی بحالی کی مد میں خزانے کو2ارب کا ٹیکہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (ارشد محمود گھمن/سپیشل رپورٹر)8سال سے پرکشش سیٹوں پرتعینات ایکسیئن بلڈنگ ڈویژن2 لاہور ایکسیئن عبدالخالق اورسب انجینئر مظفر کا 10ہزار ایئر کنڈ یشنر زکی مینٹیننس (بحالی)کی مد میں خزانے کو2ارب کا چونالگانے اور 200ورک چارجز ملازمین کی مبینہ بھرتی کرکے کروڑوں کے خورد برد کا انکشاف ہوا ہے ۔ افسروں کے بااثر ہونے کیوجہ سے آڈٹ رپورٹیں اور ان کیخلاف اینٹی کرپشن کی انکوائریاں بھی ردی کی ٹوکری کی نذر ہو گئیں۔تفصیلات کے مطابق ایکسیئن عبدالخالق اور سب انجینئر مظفر کی ملی بھگت سے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ ،سول سیکریٹریٹ ،پی اینڈ ڈی ،جی او آر زاورسی اینڈ ڈبلیو کے دفاترکے نئے ایئرکنڈیشنر زاورمینٹیننس کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے گزشتہ 10سال سے اربوں روپے کے فنڈز جاری کئے گئے،جس میں ان افسروں نے نئے ایئر کنڈیشنراور ان کی مرمت کی آڑ میں اپنے من پسند ٹھیکیداروں کی ملی بھگت سے کروڑوں روپے نکلوا کر دینے کے بعدآپس میں بندر بانٹ کرلی۔ذرائع کے مطابق2کروڑ روپے 22جون 2018ء کو چیف انجینئر نوید رشید نے جاری کئے تو ایکسیئن عبدالخالق اور سب انجینئر مظفر نے مبینہ ملی بھگت کرکے مینیٹننس کے نام پر ایک ایک لاکھ روپے کی کوٹیشنز بنا کر اپنے من پسند فرضی کنٹریکٹرز کے نام چیک جاری کرکے کروڑوں روپے خوربرد کرلئے۔یادرہے کہ ان کے کئی چیک ٹی اوآفس نے جمع کرنے سے انکار کردیا تھا،حالانکہ ٹی او آفس نے باقاعدہ طور پر 22جون 2018ء تک ادائیگی کیلئے چیک جمع کرانے کا نوٹس لگا رکھا تھا۔ ذرا ئع کے مطابق یہ فنڈز استعمال نہ ہونے کی بنا ء پر قومی خزانے میں واپس چلے جانے کی بجائے مذکورہ افسروں نے مبینہ طو پرخورد برد کرنے کی نیت سے 22جو ن کو ہی رقم ٹرانسفر کرکے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ ،سول سیکرٹریٹ ،پی اینڈ ڈی ،جی او آر زاورسی اینڈ ڈبلیو کے دفاترکے ایئرکنڈیشنر ز کی مینٹیننس کی آڑ میں بندر بانٹ کرلی ۔ذرائع نے مزید انکشاف کیاہے کہ مذکورہ سب انجینئر نے ایک اہم شخصیت کی پرائیویٹ رہائشگاہ پر انہیں نوازتے ہوئے غیر قانونی طور پر20لاکھ روپے مالیت کے 11ایئر کنڈیشنرلگائے ہیں ، علاوہ ازیں خزانے سے تقریبا 3کروڑ روپے کی بھی فرضی ادائیگی کرلی ،اس کیساتھ ساتھ200ورک چارجز ملامین کے نام پر بھی مبینہ طور پرتقریبا30لاکھ روپے ماہانہ خوردبرد کئے ہیں، اس حوالے سے ایکسیئن عبداالخالق کا کہنا ہے کہ جو بھی کام کئے ،میرٹ پر کئے گئے ہیں ،کرپشن کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں جبکہ سب انجینئر مظفر کی ٹرانسفر میرے دائر ہ اختیار میں نہیں آتی ہے ۔
ایکسین عبدالخالق

مزید :

صفحہ آخر -