پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، صدر مملکت

پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، صدر مملکت

کراچی /راولپنڈی (آئی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک بحریہ کو امن مشقوں کے کامیاب انعقادپر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، اسٹرٹیجک تعاون کیلئے میری ٹائم خطرات کا مقابلہ تحفظ، سیکیورٹی اور خطے میں استحکام کیلئے ضروری ہے۔منگل کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر علوی نے پاک بحریہ کے زیر اہتمام بین الاقوامی میری ٹائم امن مشقوں کے اختتام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کیا۔ اختتامی تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمڈ فورسز کے سربراہان، دفاعی و نیول اتاشیوں، سفیروں اوربڑی تعداد میں دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ مہمانوں نے شمالی بحرہ عرب میں بین الاقوامی فلیٹ اور مشقوں کا جائزہ لیا، امن مشقوں میں 46ممالک نے ’’امن کیلئے متحد‘‘ کے عنوان سے مشقوں میں شرکت کی۔ مشقوں میں بحری اثاثوں سمیت بحری جہازوں، ہیلی کاپٹرز، خصوصی فورسزکے دستوں نے بھی شرکت کی۔تقریب میں آمد پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی و دیگر سینئر نیول افسران نے استقبال کیا۔ صدر مملکت نے مشقوں کا معائنہ کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاک بحریہ کو امن مشقوں کے کامیاب انعقادپر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے، اسٹرٹیجک تعاون کیلئے میری ٹائم خطرات کا مقابلہ تحفظ، سیکیورٹی اور خطے میں استحکام کیلئے ضروری ہے، امن مشقوں کا انعقاد دو مرحلوں میں کیا گیا ہے،پہلا مرحلہ 8 سے 10 فروری پر مشتمل تھا جبکہ دوسرے مرحلے کے تحت 11 سے 12فروری کے تحت مشقیں کی گئیں۔

صدر مملکت

مزید : صفحہ آخر