خان صاحب ...کوئی خوشخبری!

خان صاحب ...کوئی خوشخبری!
خان صاحب ...کوئی خوشخبری!

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پاکستان تحریک انصاف کے منشور میں وعدہ کیا گیا تھا کہ عام شہری کو تحفظ فراہم کیا جائے گا ، ایک ترقی یافتہ، تعلیم یافتہ، خود پر انحصار کرنے والا اور اور استحصال سے پاک نیا پاکستان تشکیل دے گی ، ایک ایسی قومی سوچ تشکیل دے گی جس میں تنوع کی قبولیت کو یقینی بنانے کے ساتھ عدم مرکزیت اور کثیر القومیت پر مبنی قومی اتحاد کی جانب سفر کیا جائے گا۔ قومی ترقی اولین ترجیح ہوگی اور قدرتی وسائل کو عوام کی بہبود کے لئے استعمال کیا جائے گا، خاص طور پر ان افراد کے لئے جو ان وسائل والے علاقوں میں رہتے ہیں ۔خان صاحب ...کوئی خوشخبری!


پاکستان تحریک انصاف نے وعدہ کیا تھا کہ فلاحی ریاست بننے کی طرف آگے بڑھے گی جس میں ریاست سب شہریوں کو یکساں تعلیمی نظام ، مساوی صحت کی سہولتیں فراہم کرے گی، معاشرے کے کمزور افراد اور بے روزگاروں کو سماجی تحفظ کے ساتھ مساوی مواقع میسر
ہوں گے۔ ریاست اور پاکستان کے عوام کے مابین ایک نیا سماجی معاہدہ ہوگا۔ روزگار کے نئے مواقع اور تیز رفتار صنعتی ترقی یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کار دوست حالات پیدا کرنا معاشی پالیسی کا محور ہوگا۔کسی بھی معاشی پالیسی میں کم از کم تنخواہ اور ٹریڈ یونین کے ذریعے مزدوروں کو نمائندگی لازمی ہوگی۔ حکومتی نظم و نسق میں شفافیت، سادگی اور احتساب یقینی بنائے گی۔عسکریت پسندوں کو ہتھیار ڈالنے پر قائل کرکے انہیں مذاکرات کی میز پر لائے گی۔خان صاحب ...کوئی خوشخبری!


پاکستان تحریک انصاف نے وعدہ کیا تھا کہ بلوچستان اور وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں کے عوام کی حقیقی سیاسی ناراضگیوں اور تکالیف کو دور کرے گی۔ جس قدر جلد ممکن ہوا جلا وطن بلوچ سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کرے گی ۔ بلوچستان کے عوام کو اپنے وسائل سے بڑا حصہ دینے کے علاوہ صوبے میں بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرے گی تاکہ کم ترقی یافتہ علاقے ترقی کر سکیں۔ بلوچستان کے فوجی حل کے بجائے سیاسی حل کو یقینی بنائے گی۔ عام شہری کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ 10سال کی تباہی سے متاثرین کی مدد کے لئے مربوط ’انصاف معاشی پیکج‘ دے گی۔ سیاسی جماعتوں کے عسکری دھڑوں کی تحلیل اور اسلحہ کے خلاف ملک بھر میں مہم فوری طور پر چلائے گی۔خان صاحب ...کوئی خوشخبری!


پاکستان تحریک انصاف نے وعدہ کیا تھا کہ فوجداری نظام انصاف میں نمایاں بہتری لائے گی اور انسداد دہشت گردی قوانین بہترہ بنائے گی۔ گواہوں اور ججوں کے تحفظ کا قانون بنائے گی۔تمام گروہووں اور تنظیموں کی مالی مدد کے ذرائع شفاف بنائے گی ۔دفاعی اخراجات کو متوازن بنائے گی اور ان پر پارلیمنٹ میں بحث کرے گی ۔ معاملے کی نزاکت کے پیش نظر ان کیمرہ اجلاس بھی کرے گی۔ خان صاحب ...کوئی خوشخبری!


پاکستان تحریک انصاف نے وعدہ کیا تھا کہ پاکستان کو توانائی کے حوالے سے ایک محفوظ ملک بنائے گی ۔ بجلی کے پیداواری اخراجات کم کرکے گردشی قرضوں کا مسئلہ حل کرے گی۔ لوڈ شیڈنگ کو فوری طور پر قابل برداشت حد تک لائے گی۔ بجلی کی پیداواری قیمت اور لائن لاسز کم کرنے کے لئے وسط مدتی نوانائی منصوبہ شروع کرے گی ۔ صوبوں کو توانائی بحران کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کے لئے کہے گی۔ حکومتی مدت کے اندر ہی بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کردے گی۔خان صاحب ...کوئی خوشخبری!


پاکستان تحریک انصاف نے وعدہ کیا تھا کہ وزارت ریلوے کو ختم کردے گی اور ادارے کو حکومتی مداخلت کے بغیر مکمل خودمختار اور آزاد بورڈ کے ذریعے چلائے گی جس میں حکومتی مداخلت نہیں ہوگی۔ 12ماہ میں ہی ریلوے کو ٹھیک کردے گی۔ پی آئی اے کو وزارت دفاع کے کنٹرول سے ہٹالے گی۔ ملائشیا میں Khazanahکی طرز کے سٹریٹیجک حکومتی ادارے ، ریاست کے ملکیتی اداروں کا انتظام چلائے گی جن کے مکمل بااختیار بورڈ ہوں گے جو اداروں کو دو سال میں مستحکم بنائیں گے۔ ان اداروں کے چیف ایگزیکٹو افسران ، وزیر اعظم کے بجائے بورڈ مقرر کریں گے۔خان صاحب ...کوئی خوشخبری!


تمھارے جبر کے آگے ہمارا صبر حائل ہے
وگرنہ تو بغاوت پر ہمارا دل بھی مائل ہے
تمھارے سابقہ وعدے تمھیں بدنام کردیں گے
سناؤ لاکھ چاہے ملک منبئع مسائل ہے
بہت تنقید ہوتی ہے بنامِ ڈیل یاں جس پر
وہ خود جیلوں کا طالب ہے سزاؤں کا وہ سائل ہے

مزید :

رائے -کالم -