مردان میں 4 روزہ پولیو مہم 18 فروری سے شروع ہوگی

مردان میں 4 روزہ پولیو مہم 18 فروری سے شروع ہوگی

مردان(بیورورپورٹ) کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ نے کہا ہے کہ ڈویژنل سطح پر 7لاکھ ایک ہزار چار سو پندرہ سے زائد پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائیں گی۔ یہ مہم 18فروری سے 21فروری تک جاری رہے گی۔ جن یونین کونسلز میں پولیو کے قطرے پلانے کے عمل میں مسائل درپیش ہو ں، ان کو ترجیح بنیادوں پر فوقیت دی جائیگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مردان محمد عابد خان وزیر، ڈپٹی کمشنر صوابی سلمان لودھی ، ڈی ایچ اوز ، ڈویژنل ان سٹاف آفیسر ڈاکٹر اصغر ، ڈی ایس پی سیکورٹی مردان شیر آمان خان، ڈبلیو ایچ او کے ڈویژنل اور صوبائی نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ ڈویژنل ان سٹاف آفیسر ڈاکٹر اصغر خان نے کمشنر مردان ڈویژن کو پچھلے اور آنیوالے پولیو مہم کی تیاریوں کے صورت حال سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ضلع مردان میں 1271 موبائل ٹیمیں اور ضلع صوابی میں 894پولیو موبائل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی۔ کمشنر مردان ڈویژن نے پولیو مہم کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی رکاوٹ برداشت نہیں کیجائیگی اور اسکی شفاف رپورٹ تیا ر کرکے متعلقہ ڈی سیز کو فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو موذی مرض ہے اور اسکے خاتمے کیلئے ہم سب کو ملکر ٹھوس اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ اس مرض سے چھٹکارا پایا جاسکے ۔ انہوں نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ انکاری والدین کو علمائے کرام ، بلدیاتی نمائندے اور ضلع انتظامیہ ملکر ان کو منانے کیلئے مثبت کردار ادا کریں۔ تاکہ آئندہ پولیو مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے نہ رہ پائے۔

مزید : کراچی صفحہ اول