وزیر صحت کی ہسپتالوں میں صفائی بہتربنانے اور انفیکشن روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت

وزیر صحت کی ہسپتالوں میں صفائی بہتربنانے اور انفیکشن روکنے کیلئے اقدامات کی ...

پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے تمام ہسپتالوں میں صفائی کی حالت بہتر بنانے اور انفیکشن کو روکنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے انہوں نے تمام ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹوں کو جاری ہونے والے یک مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ تمام ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر دن رات صفائی کی حالت بہتر بنائی جائے اور ہر صورت تمام ہسپتالوں میں صفائی کے اہتمام کو اولین ترجیح دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں کی میڈیکل سپرنٹینڈنٹوں کے نام جاری ایک اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں میں 24گھنٹے صفائی کی حالت بہتر اور تسلی بخش رکھنا نئی صحت پالیسی کا بنیادی نکتہ ہے انہوں نے کہا کہ وہ کسی بھی ہسپتال میں بحیثیت عوامی نمائندہ کسی بھی وقت دورہ کر سکتے ہیں اور اگر کسی بھی ہسپتال کا کوئی بھی حصہ صفائی کے اعتبار سے غیر تسلی بخش پایا گیا تو متعلقہ حکام کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ انفکشن جو کہ بیماریوں کی جڑ ہے ،کو کنٹرول کرنے کیلئے صفائی پر توجہ دینا اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کیلئے ہروقت انتظامات کرنا ہونگے اور ان کا بروقت جائزہ بھی لینا ہو گا انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ تمام ہسپتالوں میں ہسپتالوں کے فضلات کو ٹھکانے لگانے کیلئے جامعہ انتظام ہونا چاہیے اور اس مقصد کیلئے ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی منظور کردہ سفارشات کے مطابق ہر ہسپتال میں انتظامات کرنا ہونگے ڈاکٹر ہشام انعام اللہ خان نے کہا کہ اچھی صحت کیلئے دوائی سے زیادہ احتیاطی تدابیر اور صفائی نہایت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ کسی بھی انسان کو غیر صحتمند ماحول سے بیماریاں لگنے کا ہر وقت خطرہ رہتا ہے اس لئے ہسپتالوں میں لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ وہاں کے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا بھی محکمہ صحت کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔صوبائی وزیر صحت کے دفتر سے جاری ہونے والے گائیڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ ہسپتالوں کے کونے کونے میں صفائی کو اچھی حالت میں رکھنا ہوگا انہوں نے ہسپتالوں میں ٹوٹی ہوئی فرنیچر اور دوسرے آلات کو ٹھکانے لگانے اور وہاں سے جراثیم کی صفائی کیلئے انتظامات کرنے کی بھی ہدایت کی ہے وزیر صحت نے مراسلے میں ہدایت کی ہے کہ تمام ہسپتالوں میں کسی بھی قسم کا غیر ضروری سامان رکھنا یا کنڈم سامان کو بلا ضرورت سٹور کرنا بھی بیماریاں پھیلانے میں کردار ادا کرتا ہے اس لئے ایسے ٹوٹے پھوٹے سامان اور آلات کو بھی ٹھکانے لگانا چاہیے انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے آلات بالخصوص آپریشن تھیٹر میں استعمال ہونے والے سامان اور آلات کی صفائی پر خاص توجہ دینی چاہیے وزیر صحت نے کہا کہ ہر طرح کی بیماریاں کنٹرول کرنے کیلئے صوبہ بھر کے تمام ہسپتالوں میں صفائی کی خصوصی مہم چلانے کی ضرورت ہے انہوں نے سیکرٹری صحت کو ہدایت کی کہ وہ مزکورہ ہدایات کا جائزہ لینے کیلئے ہسپتالوں میں باقاعدہ مانیٹرنگ کا اہتمام کریں اور روزانہ کی بنیاد پر تمام ہسپتالوں سے صفائی کے متعلق احوال اکھٹا کریں وزیر صحت نے یہ بھی ہدایت کی کے تمام انتظامی افسروں کو چاہیے کہ وہ مختلف ہسپتالوں کا بار بار دورہ کریں اور دوسرے متعلقہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ صفائی کی حالت پر خصوصی توجہ دیں وزیر صحت نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں پائی جانے والی فالتو جگہوں پر شجرکاری کی جائے تا کہ ہسپتالوں میں اچھا ماحول پیدا ہو سکے اور عوام کو بہتر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تازہ ہوا بھی مل سکے جو کہ اچھی صحت کیلئے ضروری ہے۔

مزید : کراچی صفحہ اول