احتساب بیوروکیخلاف اخبارات ،سوشل میڈیا پر شائع خبریں بے بنیاد ہیں، حقائق سے کوئی تعلق نہیں: نیب آزاد کشمیر
مظفر آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)ترجمان آزادجموں وکشمیر احتساب بیورو کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق احتساب بیوروکے خلاف بعض اخبارات اور سوشل میڈیا پر شائع کی جانے والی خبریں بے بنیاد اور محض پروپیگنڈا ہیں جن کا حقائق سے کوئی تعلق نہ ہے ۔
ترجمان نے مورخہ12فروری2019کو بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کو خلاف حقائق اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر جعلی اور فیک آئی ڈیز کے ذریعے بعض عناصر احتساب بیورو کے خلاف زہر اگل رہے ہیں ۔ ایسی تمام حرکات کا مقصد بیورو کو کام سے روکنا اور بلیک میل کرنا ہے ۔ ان خبروں اور سوشل میڈیا پر مہم کے پیچھے جرائم پیشہ عناصر کا ہاتھ ہے جو بیورو کی انتظامیہ کو اپنے مذموم مقاصد کیلئے بلیک میل کرنا چاہتے ہیں ۔ اس قسم کے اقدامات کی احتساب بیورو کی جانب سے مذمت کی جاتی ہے ۔ شرپسند اور جرائم پیشہ عناصر ناپاک عزائم سے بیورو کے احتسابی عمل کے راستہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ۔احتساب بیورو تحت قانون کرپشن کے مقدمات میں بلاتخصیص کارروائی کررہا ہے ۔ احتساب بیورو کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد خبروں کا سلسلہ نہ رکا تو بیورو ان عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گا جو اس مہم کے پیچھے ہیں ۔ چیئرمین احتساب بیورو راجہ محمد اسلم خان نے احتساب بیورو کے چیف پراسیکوٹر سردار امجداسلم اور دیگر آفیسران کے خلاف شائع کی جانے والی خبروں کی مذمت کرتے ہوئے جملہ آفیسران کو بلا کوف و خطر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ اخبارات کی انتظامیہ اس نوعیت کی خبروں کا نوٹس لیں اور ان کارروائیوں کا سد باب کریں بصورت دیگر مروجہ قانون کے تحت ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔