میر واعظ کا جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار طالب علم کی رہائی کا مطالبہ
سرینگر (ڈیلی پاکستان آن لائن)مقبوضہ کشمیرمیں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند صحافت کے طالب علم عادل فاروق کی رہائی کا مطالبہ کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سینٹرل یونیورسٹی آف کشمیر کے ایم اے صحافت کے طالب علم عادل فاروق کومجاہدین کی مدد کے جھوٹے الزامات کے تحت گرفتار کرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کی کوٹ بھلوال جیل میں نظربندکردیاگیاتھا۔ طالب علم کے اہلخانہ نے پولیس کے دعوے کو سختی سے مسترد کردیا ہے ۔ میرواعظ عمر فاروق نے عادل فاروق کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ طالب علم کو جھوٹے الزام کے تحت گرفتار کر کے جموں کی جیل منتقل کردیاگیاہے۔