بندر نے کھیلنے کے لئے بچہ اغوا کرلیا

بندر نے کھیلنے کے لئے بچہ اغوا کرلیا
بندر نے کھیلنے کے لئے بچہ اغوا کرلیا

  

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں ایک بندر نے 2سالہ بچہ اغواءکر لیا مگر کس مقصد کے لیے؟ جوا ب جان کر آدمی حیرت کے سمندر میں ڈوب جائے۔ میل آن لائن کے مطابق یہ حیران کن واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ کے ایک گاﺅں میں پیش آیا ہے جہاں بندرنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے بچے کو اغواءکر لیا اور وہیں بازار میں اس کے ساتھ کھیلنا شروع کر دیا، گویا اسے کھیلنے کے لیے کسی دوست کی ضرورت تھی جو اسے اس بچے کی شکل میں مل گیا تھا۔

واقعے کی منظرعام پر آنے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بندر بچے کو گلے لگا کر پیار کرتا ہے اور اس کے سر سے جوئیں نکال رہا ہوتا ہے، جو کہ بندروں کی ایک خاص عادت ہے۔ اسی دوران ایک خاتون بچے کو بندر کی بانہوں میں دیکھ لیتی ہے اور اسے چھڑانے آتی ہے لیکن بندر بچہ واپس کرنے سے انکار کر دیتا ہے اور بچے سے لپٹ جاتا ہے۔ویڈیو میں خاتون بندر سے کہتی ہے کہ ”تمہیں یہ بچہ کہاں سے ملا، لاﺅ میں اسے اس کے گھر پہنچا دوں۔“یہ کہہ کر خاتون بچے کو ہاتھ لگاتی ہے تو بندر اس کا ہاتھ پیچھے جھٹک دیتا ہے۔

بھارت میں اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ ملک کے متعدد علاقوں سے، جہاں بندروں کی بہتات ہے، ان کے کم سن بچوں کو اٹھا کر فرار ہونے کی خبریں اکثر آتی رہتی ہیں۔اسی طرح کے ایک واقعے میں گزشتہ سال بھارتی ریاست اوڑیسا میں ایک بچے کی جان چلی گئی تھی۔ اس چند ماہ کے بچے کو بھی بندر نے ایک گھر سے اٹھایا اور بھاگ کر ایک درخت پر چڑھ گیا، جس کے نیچے کنواں موجود تھا۔ جب لوگ وہاں اکٹھے ہوئے تو ایک سے دوسری ٹہنی پر جاتے ہوئے بچہ بندر کے ہاتھ سے پھسل کر کنویں میں جا گرا اور اس کی موت واقع ہو گئی۔

مزید : ڈیلی بائیٹس