کرپشن اور مافیا ز سے تنگ عوام پی ٹی آئی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں: وزیراعظم

کرپشن اور مافیا ز سے تنگ عوام پی ٹی آئی کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں: ...

  



اسلام آباد (نیوزایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کرپشن اور مافیا زسے تنگ عوام پاکستان تحریک انصاف کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے، پاکستان تحریک انصاف نے مشکل ترین حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، ہمارا مقابلہ مافیا سے ہے جو ہر شعبے میں تبدیلی اور عوام کی بہتری کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہا ہے،انشا اللہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ سے پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، گوجرانوالا ضلع سے متعلق عوامی مسائل اور ترقیاتی ضرورتوں کے حوالے سے امور زیر بحث لائے گئے۔ وفد نے وزیراعظم کو اپنے اپنے حلقوں کی عوام کو درپیش مسائل اور علاقے کی ترقیاتی ضرورتوں سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے کی ترقیاتی ضرورتوں سے متعلق پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔دریں اثناء پیپسی کو کے افریقہ، مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیاء کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایوگنی ولیم سن نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں پیپسی کو کے موجودہ کاروباری ونچرز اور مستقبل میں مجوزہ سرمایہ کاری منصوبوں کو قابل تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیاں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مختلف شعبوں میں کاروبار کو توسیع دینے کے بے پناہ مواقع فراہم کر رہی ہیں۔ایوگنی ولیم سن نے پاکستانی نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع میں اضافے کیلئے دیگر منصوبے بھی پاکستان لانے پر آمادگی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی ترقی میں پیپسیکو کے عزم کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ حکومت کمپنی کو اپنے بزنس میں توسیع کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔ بات چیت کے دوران پاکستان میں ڈیری سیکٹر کی ترقی کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔بعدازاں نیشنل انکیوبیشن سنٹر اسٹارٹ اپس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میڈیا پر آکر لوگ عمران خان کو کچھ بھی کہیں لیکن کوئی انسان آپ کوذلیل نہیں کرسکتا کیونکہ عزت اور رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے،نوجوانوں سے کہتا ہوں تنخواہ اور پنشن والی سرکاری نوکری کے پیچھے نہ بھاگیں، ایسی نوکری کا مطلب اپنی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ انسان تجربات سے سیکھ کر اور کشتیاں جلا کر ہی آگے بڑھتا ہے جبکہ، ناکامی کا خوف انسان کو بزدل بنا دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سٹارٹ اپ کا مقصدآئیڈیاز کے پیچھے جانا ہے، آئیڈیاز کے پیچھے جائیں گے تو معاشرہ بھی آپ کی مدد کرے گا۔وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یوتھ ہے، اللہ نے بڑے اثاثوں سے نوازا ہے، ہمیں اللہ نے بہت کچھ دیا ہے، کسی چیز کی کمی نہیں رکھی۔ایک ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مشکل وقت میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، چین کو ہر قسم کی مدد فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چین کا ایسے ساتھ دیں گے جیسے ہر آزمائش میں اس نے ساتھ دیا۔وزیراعظم عمران خان نے ووہان میں پھنسے پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کرنے کیلئے دفتر خارجہ اور اوورسیز وزارت کو ہدایات جاری کردیں۔مزید برآں وزیر اعظم عمران خان سے سیکریٹری سوشل ویلفیئر خیبر پختونخوا محمد ادریس اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو پنجاب کی چیئر پرسن سارہ احمدنے ملاقات کی۔جس میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ بچوں کو تعلیم اور صحت کے ساتھ محفوظ ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بچوں کو ہر قسم کے استحصال سے بچانے کے حوالے سے ہر ممکنہ قدم اٹھایا جائے۔

وزیراعظم عمران خان

مزید : صفحہ اول