اپوزیشن کا احتجاج سیاسی محرومیوں پر ماتم کے سوا کچھ نہیں: فردوس عاشق

      اپوزیشن کا احتجاج سیاسی محرومیوں پر ماتم کے سوا کچھ نہیں: فردوس عاشق

  



اسلام آباد،سیالکوٹ(آئی این پی)معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج ان کی سیاسی محرومیوں کے ماتم کے سوا کچھ نہیں، بلاول صاحب پیپلزپارٹی کے دور کی کرپشن کا خمیازہ قوم بھگت رہی ہے، ابو اور پھوپھو سے کہیں لوٹا پیسہ واپس کر دیں، مہنگائی ختم ہو جائیگی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا پاکستان کے عوام کا خون چوس کرغریبوں کے پیسے پر پلنے والے آج حکومت میں کفیل ڈھونڈ رہے ہیں، مافیا کے سرغنہ لندن میں ہیں، خواجہ آصف صاحب کو چاہیے وہاں رابطہ کریں۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا اپوزیشن جماعتیں عوام کے لئے نہیں اپنے سیاسی مفادات کے لیے احتجاج کر رہی ہیں، ان کے پیٹ میں عوام کی ہمدردی کا نہیں بلکہ اپنی کرپشن اور اقتدار کا درد ہو رہا ہے، احتجاج کرنے والے عوام کے وہ مجرم ہیں جنہوں نے اس قوم کو غربت، قرض اور مہنگائی کی دلدل میں دھکیلا۔ انہوں نے کہا یہ ان لوگوں کے نمائندے ہیں جنہوں نے پاکستان کے ہوائی اڈے تک عالمی اداروں میں گروی رکھے، یہ ان لوگوں کا احتجاج تھا جو عوام کے خرچے پر اب بھی مزے اڑا رہے ہیں، اقتدار میں رہ کر انہوں نے قوم سے اس کی زندگی اور مستقبل چھین لیا۔سیالکوٹ میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے، نیا پاکستان کرپشن سے پاک، خوشحال اور مثالی ہوگا، نئے پاکستان میں بیوروکریسی کے دروازے عوام کے لئے کھولے ہیں اب سیاستدانوں کی چٹھی سے کوئی کام نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے اور حکومت قوم کے معماروں کو ہنر مندبنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ فیکٹریاں چلائیں گے اور جب فیکٹریاں چلیں گی تو معیشت کا پیہہ چلے گا۔ معیشت کا پیہہ چلنے سے پاکستان ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن ہوگا جبکہ ترقی کے تمام ثمرات نوجوانوں تک پہنچے گی جس سے یہ نوجوان آسودہ حال نظر آئے گا۔

فردو

مزید : صفحہ اول