قبضہ مافیا کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: عثما ن بزدار

قبضہ مافیا کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے: عثما ن بزدار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بغیر این او سی بننے والی ہاؤسنگ سکیموں کیخلاف قانو ن کے تحت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے والے مافیا کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کسی دباؤ کے بغیر جاری ر ہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے5گھنٹے طویل اجلاس میں کیا۔ اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو اپنے حلقوں کے مسائل سے آگاہ کیا،اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پرپیشرفت کاجائزہ لیا گیا جبکہ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی نے آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گزشتہ حکومت کے دور میں پوٹھوہار میں بنائے گئے سمال ڈیمز میں بے ضابطگیوں کی انکوائری کاحکم دیتے ہوئے کہاکہ اس معاملے کی تحقیقات چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کریں گے اور اپنی رپورٹ جلدوزیراعلیٰ آفس پیش کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ تعمیرات و مواصلات کو ہدایت کی کہ راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کے لئے ضروری امورجلد طے کئے جائیں -انہوں نے کہاکہ ٹیکسلا میں گندھارا یونیورسٹی کے قیام کاجائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کاحکم دے دیاہے اورضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کومتحرک کر دیا گیا ہے کیونکہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جائیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوامی شکایات پر جہلم کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کو تبدیل کرنے کاحکم دیتے ہوئے وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کو اے ڈی سی آر جہلم کے خلاف انکوائری کی ہدایت کی۔انہوں نے کہاکہ عوام کو ریلیف دینے کے لئے آئے ہیں لہٰذاکام نہ کرنے والے افسر کی پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کے مختلف مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجد ملہی نے ملاقاتیں کیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے عوام کو صحت کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تمام تر ممکنہ وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ صحت انصاف کارڈ ہماری حکومت کا فلیک شپ پروگرام ہے جس سے غریب عوام بہترین نجی ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احساس پنجاب پروگرام تبدیلی کے وعدے کی تکمیل کی جانب نمایاں قدم ہے۔احساس پنجاب پروگرام کے ذریعے عوام کی محرومیوں کا ازالہ ممکن ہوگا۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -