حریت کانفرنس کے جعلی لیٹر پیڈ پر علی گیلانی کے انتقال کا اعلان

  حریت کانفرنس کے جعلی لیٹر پیڈ پر علی گیلانی کے انتقال کا اعلان

  



اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)بھارتی لابی کی جانب سے کل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے سپریم لیڈر سید علی گیلانی کے انتقال اورمختلف جگہوں پر ان کے نمازجنازہ کی بھی تفصیلات جاری کردی گئیں۔گزشتہ روزکل جماعتی حریت کانفرنس جموں و کشمیر کے لیٹر پیڈ کو استعمال کرکے ایک ہنگامی پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں کہا گیا کہ طویل عرصہ سے نظر بند حریت کانفرنس کے سپریم لیڈر سید علی گیلانی شدید کمزوری اورسینے کی انفیکشن میں مبتلا رہنے کے بعد گزشتہ روز اس جہان فانی سے انتقال کرگئے ہیں جس کی اطلاع ملتے ہی بڑی تعداد میں عوام ان کے گھر کے باہر جمع ہوگئے ہیں۔اس پریس ریلیز کے مطابق سید علی گیلانی کی نماز جنازہ سری نگر کی مرکزی عید گاہ میں ادا کی جائیگی جبکہ امیر جماعت اسلامی جموں کشمیر نماز جنازہ پڑھائیں گے۔ سید علی گیلانی کے صاحبزادے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کے والد کی نماز جنازہ میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ پریس ریلیز میں سینٹرل کشمیر سے لداخ تک جناے کا روٹ بھی ترتیب دیا گیا ہے۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کے نمائندے سید عبداللہ گیلانی نے کہا ہے کہ بزرگ رہنماء شدید علیل ہیں اور عوام الناس بالخصوص علمائے کرام اور آئمہ مساجد سے درخواست ہے کہ وہ سیدعلی گیلانی کی جلد صحت یابی کیلئے اللہ تعالی کی بارگاہ میں دعا کریں۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سیدعبداللہ گیلانی نے بدھ کو اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ سیدعلی گیلانی کی صحت طویل عرصے سے گھر میں نظربندی کی وجہ سے زیادہ خراب ہوئی ہے اور وہ نقاہت محسوس کرر ہے ہیں۔ بزرگ رہنما کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہوا ہے جس کی وجہ سے وہ تکلیف میں مبتلا ہیں۔انہوں نے کہاکہ بزرگ رہنماء کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے جو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے جموں وکشمیر کی آزادی کیلئے ہمیشہ رہنمائی فراہم کرتی رہے گی۔

علی گیلانی

مزید : صفحہ اول