ڈیمو کریٹک صدارتی نامزدگی، برنی سینڈ رس نے میو ہیمشائر کا پرائمری انتخابات بھی جیت لیا

ڈیمو کریٹک صدارتی نامزدگی، برنی سینڈ رس نے میو ہیمشائر کا پرائمری انتخابات ...

  



واشنگٹن(اظہرزمان، بیورو چیف) سفید فام ووٹرز کی اکثریت والی ریاست نیو ہیمشائر میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے لئے ہونے والے پرائمری انتخابات میں بھی 78سالہ بزرگ سینیٹر برنی سینڈرس نے دیگر امیدواروں پر برتری حاصل کر لی ہے۔ قبل ازیں وہ سب سے پہلے ہونے والے کاکس میں بھی پیٹ گیگ کے ہمراہ اول پوزیشن پر رہے تھے۔ آخری نتائج کے مطابق وہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے رجسٹرڈ ووٹروں میں 73ہزار سے زائد ووٹ حاصل کر چکے تھے جو کل تعداد کا 26فیصد ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے پیٹ گیگ 69ہزار ووٹ یا کل تعداد کے 24فیصد ووٹ پڑے ہیں۔ اس طرح سینڈرس نے ریاست کے لئے مخصوص کل 24مندوب میں سے نو مندوب حاصل کئے ہیں۔ اگرچہ بی پیٹ گیگ کے پاپولر ووٹ کم ہیں تاہم ان کے حصے میں بھی نو مندوب آئے ہیں۔ باقی چھ مندوب کلوبچر کو ملے ہیں۔ مطلوبہ سطح سے کم ووٹ حاصل کرنے کی پر بظاہر مقبول نظر آنے والے سابق نائب صدر جوبیڈن اور الزبتھ وارن کوئی مندوب حاصل نہیں کر سکے۔ محنت کش، متوسط امیگرینٹس، اور رنگ دار طبقوں میں تیزی سے مقبول ہونے والے سینیٹر سینڈرس محروم شہریوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہیں اور معاشی انصاف کی بات کرتے ہیں جن پر صدر ٹرمپ ان پر سوشلسٹ ہونے کی پھبتی کستے رہتے ہیں۔ سینیٹر سینڈرس نے نیو ہیمشائر کے پرائمری انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کیب عد اپنے حامیوں کی ریلی سے پرجوش خطاب کیا جس میں انہوں نے صدر ٹرمپ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کے اختتام کا آغاز ہو گیا ہے۔ نیو ہیمشائر کے پرائمری انتخابات میں کل 64مندوب کا فیصلہ ہوا ہے جس میں برنی سینڈرس کو21مندوب مل چکے ہیں پیٹ پیٹ گیگ کو 22مندوب مل گئے ہیں الزبتھ وارن کو کل آٹھ، کلوبچر کو سات اور جو بیڈن کو سات مندوب مل چکے ہیں۔برنی سینڈرس کو اب تک دونوں ریاستوں کے کل ملا کر 30اور پیٹ گیگ کو31مندوب مل چکے ہیں باقی امیدوار کافی پیچھے ہیں۔ مبصرین کے مطابق دیگر ریاستوں میں برنی سینڈرس کافی برتری حاصل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے آئندہ چند ماہ میں امریکہ کی کل پچاس ریاستوں میں ڈیمو کریٹک پارٹی کے کاکس یا پرائمری انتخابات کا سلسلہ جاری رہے گا جن میں صدارتی ٹکٹ کے امیدواروں کے حامی مندوبین کا چناؤ مکمل ہو جائے گا جس کے بعد وسکونسن ریاست کے صدر مقام ملوا کی میں 13سے 16جولائی تک پارٹی کا چار روزہ کنونشن ہو گا جس کی صدارت سپیکر نینسی پلوسی کریں گے۔ اس میں ملک بھر سے منتخب ہونے والے 3979مندوب شرکت کیرں گے جو صدارتی امیدوار کا چناؤ کریں گے۔ کسی امیدوار کو منتخب ہونے کے لئے کم از کم 1990ء مندوبین کی حمایت در کار ہو گی۔

سینڈرس کامیاب

مزید : صفحہ اول