معیشت بہتری کی طرف گامزن عالمی ادارے بھی معترف، چوہان

معیشت بہتری کی طرف گامزن عالمی ادارے بھی معترف، چوہان

  



لاہور(این این آئی) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی قیادت میں ملکی معیشت مسلسل بہتری کی طرف گامزن ہے، ملک میں دہشتگردی کے خاتمے اور داخلی استحکام سے معیشت میں بہتری آئی ہے اور اس حقیقت کا اعتراف ورلڈ بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک سمیت بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے بھی کیا ہے۔اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ موڈیز اور بلوم برگ پاکستان سٹاک ایکسچینج کی پرفارمنس کو بہترین قرار دے چکے ہیں جبکہ معاشی اہداف پورے کرنے پر آئی ایم ایف بورڈ نے بھی پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی ہے۔انہو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور آلِ شریف نے عوام کو معاشی نمبروں کے ہیر پھیر میں الجھائے رکھا۔ موجودہ حکومت نے گزشتہ سات ماہ سے اسٹیٹ بینک سے کوئی قرضہ نہیں لیا۔ وزیر اعظم عمران خان ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اضافے کے خلاف ایکشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ عوام الناس کے لیے 15 ارب کا ریلیف پیکج بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت جی ایس پی پلس سٹیٹس میں توسیع کے لیے بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ اب تک جی ایس پی پلس سے پاکستان کے ساتھ یورپی یونین کو بھی فائدہ ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین غلط معلومات پھیلانے کی بجا ئے آئندہ الیکشن کا انتظار کریں۔ پاکستان داخلی اور خارجی طور پر مستحکم ہے جسکا نتیجہ روزبروز مستحکم ہوتی معاشی صورتحال ہے۔

چوہان

مزید : صفحہ اول