یواین امن فورسزمیں پاکستانی خواتین کی خدمات قابل تحسین، ایلس ویلز

  یواین امن فورسزمیں پاکستانی خواتین کی خدمات قابل تحسین، ایلس ویلز

  



واشنگٹن (این این آئی) امریکہ کے اعلیٰ سفارتکار برائے جنوبی ایشیائی امور ایلس ویلز نے کہا ہے کہ وہ کونگو میں اقوام متحدہ کے امن افواج میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی خواتین سے متاثر ہیں۔ایک ٹویٹ میں ایلس ویلز نے کہاکہ کونگو میں اقوام متحدہ کی امن افواج میں خدمات انجام دینے والی پاکستانی خواتین سے متاثر ہوں۔ پہلے تمام خواتین پر مشتمل گروہ کے 15 امن فوجیوں کو گزشتہ ہفتے تنازع سے متا ثرہ علاقے میں مختلف خدمات پر ان کی بہترین کارکردگی پر میڈلز دئیے گئے۔ڈیموکریٹک ریپبلک کونگو میں تعینات اقوام متحدہ کے ادارے کے پہلی پاکستانی فیمیل انگیجمنٹ ٹیم (ایف ای ٹی) کے اراکین کو حال ہی میں وسطی افریقہ کے ایک صوبے میں اقوام متحدہ کی میڈل دینے کی تقریب میں ایوارڈ دیا گیا تھا۔یہ ٹیم اقوام متحدہ کی دنیا بھر میں موجود امن افواج میں پہلی تمام خواتین پر مشتمل ٹیم تھی۔ٹیم میں موجود افسران میں ماہر نفسیات، ڈاکٹرز، نرسز، آپریشنز آفیسرز، انفارمیشن آفیسرز، لاجسٹکس آفیسرز و دیگر شامل تھے۔خیال رہے اقوام متحدہ کی امن افواج مقامی برادری سے بات چیت پر انحصار کرتی ہے جو خواتین کے فوج میں شامل ہونے پر معلومات فراہم کرنے پر زیادہ اطمینان محسوس کرتی ہے۔اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین افسران نے اپنی تعیناتی کے دوران مقامی برادری کا اعتماد جیتنے کیلئے سخت محنت کی۔

ایلس ویلز

مزید : صفحہ اول