قائداعظم بزنس پارک1536ایکڑ پر بن رہا ہے، پڈمک

    قائداعظم بزنس پارک1536ایکڑ پر بن رہا ہے، پڈمک

  



لاہور(لیڈی رپورٹر) پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (پڈمک)نے 2669ایکڑ اراضی پر بننے والے چار سپیشل اکنامک زونز میں بزنس کمیونٹی کو تمام درآمدی مشینری پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں چھوٹ اور دس سالہ انکم ٹیکس ہالیڈے کی بنیاد پر سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح اور بالخصوص خطہ میں انڈسٹریل زونز کے مقابلہ میں صوبہ پنجاب میں بننے والے ان اکنامک زونز میں زمین کی قیمت سب سے کم ہوگی۔ یہ بات پڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید الیاس نے گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں صنعتکاروں اور تاجروں کو ایک بریفنگ کے دوران بتائی۔ انہوں نے ان زونز کو سمارٹ انڈسٹریل زونز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان زونز میں سڑکوں، پانی، بجلی، سیوریج اور صنعتی فضلہ کے ٹریٹمنٹ کے ساتھ انٹرنیشنل سٹینڈرڈ کا انفراسٹرکچر مہیا کیا جا رہا ہے۔ لاہور شیخوپورہ روڈ پر قائداعظم بزنس پارک میں ایگزیکٹوز اور لیبر کیلئے ایک خصوصی کالونی بھی تعمیر کی جارہی ہے۔ یہ سمارٹ سپیشل اکنامک زونز قائداعظم بزنس پارک1536ایکڑ پر بنایا جا رہا ہے اور اس کے علاوہ بھلوال میں 427ایکڑ، وہاڑی میں 250ایکڑ اور رحیم یار خاں میں 456ایکڑ اراضی پر بنائے گئے ہیں۔اس موقع پر پڈمک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید الیاس نے بتایا کہ سندر اسٹیٹ اور دوسری انڈسٹریل اسٹیٹس میں بجلی کے علاوہ گیس کی فراہمی کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اب کسی کومشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینیر نائب صد ر علی حسام اصغر، نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد اور سابقہ صدر سہیل لاشاری نے پڈمک کی انڈسٹریلائیزیشن کی کوششوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی ان انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے نتیجہ میں لاکھوں افراد کو روزگار حاصل ہوگا؛

مزید : کامرس