پنجاب میں تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ، پہلی تا ساتویں کلا س فیل پاس نظام ختم کرنے کا فیصلہ

پنجاب میں تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ، پہلی تا ساتویں کلا س فیل پاس نظام ختم ...

  



لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں نیا تعلیمی سال یکم مارچ سے شروع کرنے جبکہ پہلی سے ساتویں کلاس تک فیل پاس کا نظام ختم کردیا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب بھر میں نیا تعلیمی سال یکم مارچ 2020 سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پہلی سے ساتویں کلا س تک فیل پاس کا نظام بھی ختم کر دیا گیا ہے۔فیصلے کے تحت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے سرکاری سکولوں کے سالانہ امتحانات اور نتائج کے اعلان کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا ہے، نئے شیڈول کے مطابق پہلی کلاس سے ساتویں کلاس تک سالانہ امتحانات 17 فروری سے شروع ہوں گے جو 28 فروری تک جاری رہیں گے، جبکہ نتائج کا اعلان 29 فروری کو کیا جائے گا۔نئی کلاسیں یکم مارچ سے شروع کردی جائیں گی، تعلیمی سال ایک ماہ قبل یکم اپریل کی بجائے یکم مارچ سے شروع کرنے سے طلبہ کو تدریس کیلئے 30 دن کا اضافہ ہوجائیگا، جبکہ ہشتم بورڈ کے امتحان ختم کرنے سے مزید 20 دن کی اضافی تدریس ہوسکے گی۔دوسری جانب اساتذہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اچانک تعلیمی سال تبدیل کرنے سے مسائل پیدا ہوں گے، یہ فیصلہ 6 ماہ قبل کیا جانا چاہیے تھا، فیصلہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں لاگو کیا گیا ہے، شمالی پنجاب کے اضلاع کیلئے ابھی کوئی واضح پالیسی نہیں آئی، آج بروز جمعرات کو تمام صورتحال واضح ہوگی۔

پنجاب تعلیمی سال

مزید : صفحہ آخر