ہائیڈرو الیکٹرک یونین کی مہنگائی کے خلافاحتجاجی ریلی
لاہور(خبر نگار)محکمہ بجلی واپڈا کے سینکڑوں کارکنوں نے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین سی بی اے کے زیراہتمام جلوس نکالا جس میں مطالبہ کیاگیا کہ ضروریات زندگی کی اشیاء میں زبردست اضافہ اور کمر توڑ مہنگائی، ملک میں نوجوانوں اور کارکنوں کی عام بے روزگاری، سماج میں امیر و غریب کے مابین روز افزوں بے پناہ فرق کو دور کرتے ہوئے آئند ہ بجٹ میں سرکاری، نیم سرکاری اور نجی اداروں کے ملازمین کی تنخواہوں اور بڑھاپے کی پنشن میں اسمبلی کے ارکان کی تنخواہوں کی طرح اضافہ کیا جائے۔ جلوس کی قیادت بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمدجنرل سیکرٹری یونین نے کی اْن کے ہمراہ حاجی محمد یونس، گلزار اعوان،غلام حسین، محمد بوٹا، عبدالرحمان، سیف اللہ جٹ، مرزا عثمان، عبدالحمید، شیخ یونس، ملک اصغر،اْسامہ طارق، مظفر متین ودیگر نمائندگان یونین نے شرکت کی۔
بعدازاں لکشمی چوک میں ایک قرار داد کے ذریعے حکومت سے پْرزور مطالبہ کیا کہ وہ قومی اقتصادی خودکفالت پالیسی اپنا کر پاکستان کو غیر ملکی قرضوں سے نجات دلائے ملک میں عوام کی بنیادی ضروریات، بچوں کی مفت و معیاری تعلیم، علاج معالجہ یقینی بنایا جائے-