تالا توڑ گروپ کے خلاف کارروائی، کچرا چننے والا بچہ گرفتار
کراچی(کرائم رپورٹر) شہر قائد میں تالا توڑ گروپ سے وابستہ کچرا چننے والے کم عمر افغان بچے چوریوں میں ملوث نکلے ہیں، بھیم پورہ کی اسٹیل مارکیٹ میں چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق میڈیا پرخبرنشرہونے کے بعد کچرا چننے والے افغان کم عمر بچے کو نیپئر پولیس نے گرفتار کر لیا، پولیس کے مطابق مذکورہ بچے کو ویڈیو فوٹیج میں بھی دیکھا جا سکتا ہے۔سی سی ٹی وی فوٹیض کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے بھیم پورہ کی اسٹیل مارکیٹ میں کچرا چننے والا ایک افغان بچہ دکان سے چوری کرتا ہوا نظر آ رہا ہے، فوٹیج میں نو عمر کچرا چننے والا لڑکا دکان کی چھت پر چوری کے لیے چڑھتا نظر آ رہا تھا۔رپورٹ کے مطابق کچرا چننے والوں کی آڑ میں تالا توڑ گروپ بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہے، جنھوں نے تاجروں کی ناک میں دم کر رکھا ہے، یہ گروہ گھروں سے پانی کی موٹریں چوری کرنے اور دیگرجرائم میں بھی ملوث ہے، تاجروں کے مطابق کچرا چننے والے اکثر گاڑی کی بیٹریاں بھی چوری کر لیتے ہیں۔میڈیا پرخبر نشرہونے کے بعد نیپئر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک افغان بچے کو گرفتار کر لیا ہے۔تاجروں کے مطابق کچرا چننے والوں کے تھیلوں میں ایسے اوزار بھی موجود ہوتے ہیں جن سے تالا توڑنے اور دیگر چیزیں کھولنے میں آسانی ہوتی ہے۔تاجروں نے مطالبہ کیا کہ پولیس ایسے چور گروہوں کے خلاف مکمل کریک ڈاؤن کرے تاکہ تاجروں اور عوام کو مکمل ریلیف فراہم ہو سکے۔