حکومتی سبسڈی کا اعلان عوام کے ساتھ مذاق ہے،نوید بھٹی

    حکومتی سبسڈی کا اعلان عوام کے ساتھ مذاق ہے،نوید بھٹی

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے سیکرٹری ریکارڈ اینڈ ایونٹس نوید بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے 18ارب روپے کی سبسڈی دینے کا اعلان عوام کے ساتھ ایک اور مذاق ہے۔وفاقی حکومت نے غریبوں کو لوٹنے کے لیے اپنے ساتھیوں کو نوازنے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔تحقیقات کرائی جائیں کہ چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ کرنے میں تاخیر کا فائدہ کسے ہوا۔بدھ کو جاری بیان میں نوید بھٹی نے کہا کہ سبسڈی دینے کا اعلان کر کے سلیکٹڈ حکمرانوں نے اپنی چوری کا پول کھول دیا ہے۔چینی کی برآمد، پھر قیمتوں میں اضافہ، پھر قلت اور پھر چینی کی درآمد، پھر برآمد پر پابندی اور پھر مہنگی قیمت برقرار رکھ کر ایک ہی مافیا کو بار بار فائدہ پہنچایا گیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے نمائشی اقدامات عوام کا مذاق اڑارہے ہیں اور اگر کوئی ان کے آمرانہ طرز عمل کے خلاف بات کرے تو اس کے خلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی جاتی ہیں۔نوید بھٹی نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے مسلسل عوامی مسائل پر آواز اٹھانے کی پاداش میں انہیں نیب کے ذریعہ ڈرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔عمران خان بھول گئے ہیں کہ بلاول بھٹو شہیدوں کے وارث ہیں۔اس طرح کے آمرانہ ہتھکنڈوں سے ان کی آواز کو دبایا نہیں جاسکتا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر