پاکستان بحریہ کی میری ٹائم مشق سی اسپارک 2020 کا آغاز

    پاکستان بحریہ کی میری ٹائم مشق سی اسپارک 2020 کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان بحریہ کی اہم میری ٹائم مشق سی سپارک 2020 کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کراچی میں ہوا۔ ہر دو سال میں منعقد کی جانے والی اس مشق کا مقصد پاک بحریہ کی جنگی تیاریوں کا جائزہ اور ابھرتے ہوئے علاقائی اور عالمی چیلنجز کے ضمن میں پاکستان بحریہ کے آپریشنل منصوبوں کی توثیق کرنا ہے۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ڈپٹی چیف آف دی نیول اسٹاف (آپریشنز) نے اپنے افتتاحی کلمات میں مشق کا تفصیلی جائزہ پیش کیا انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کروائی کہ پاک بحریہ امن اور جنگ کے دوران قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لئے جنگی اعتبار سے تیار اور پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشق سی سپارک -20 محفوظ اور پائیدار سمندری ماحول کو فروغ دے کر خطے کے امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم کو تقویت بخشے گی۔ بعد ازاں فورس کمانڈرز نے مشق کے آپریشنل منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مشق سی سپارک 2020 بحیرہ عرب میں جیونی سے سر کریک تک پاکستان کی ساحلی پٹی پر منعقد کی جائے گی۔ مشق میں پاک بحریہ کے تمام پلیٹ فارمز / اثاثہ جات، اسپیشل فورسز اور پاک میرینز کے مختلف دستے، پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے)، پاک فوج اور پاک فضائیہ کے اثاثے اور نمائندگان بھی ں شریک ہیں۔وزارت دفاع، خارجہ امور، توانائی، وزارت داخلہ اور وزارت خزانہ کے عہدیداران بھی اس مشق کا حصہ ہیں۔