سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کومذاق قرار دے دیا

سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کومذاق قرار دے دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے وفاقی کابینہ کے مہنگائی پیکج کو مذاق قرار دے دیا ہے۔اس ضمن میں صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے اپنے بیان میں کہا کہ 15 ارب کا پیکج غریبوں کے ساتھ عجیب مذاق ہے۔ آٹا، چینی، گھی، پیٹرول سمیت عام اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کی کمرتوڑدی ہے۔یہ 15 ارب بھی غیر شفاف طریقے سے ہڑپ کر لیے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 22 کروڑ کی آبادی کے لیے 15 ارب روپے کا پیکج مذاق ہی ہے۔ یہ پیسے بھی ان کی جیب میں جائیں گے جنہوں نے آٹے چینی کا بحران پیدا کیا۔موجودہ حالات میں اگر 15ارب ہر ماہ دیئے جائیں تو بھی کم ہیں۔ اگر پچاس کروڑ روزانہ بھی دیں گے تو مطلب یہ ہوا کہ 2 روپے فی شخص، یہ مذاق نہیں تو کیا ہے۔ اسماعیل راہو نے کہا کہ حکومتی فیصلوں نے عوام کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے۔ہم سب سمجھتے ہیں بے وقوف نہیں ہیں، جو غریب پہلے 20 ہزار میں گزارا کرتا تھا اب 35 ہزار میں بھی پریشان ہے، 15 ارب عوام کے لیے نہیں بلکہ اے ٹی ایم اور مافیا کے لیے ریلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم خود بھی سمجھ چکے ہیں کہ اب محض بیانات سے ریلیف کے دعوؤں کا وقت تمام ہو چکا ہے۔