شہر کی 70 فیصد آبادی پانی سے محروم ہے،خرم شیر زمان

  شہر کی 70 فیصد آبادی پانی سے محروم ہے،خرم شیر زمان

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر)صدر پی ٹی آئی کراچی و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے شہر میں پانی کی عدم فراہمی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی 70 فیصد آبادی پانی سے محروم ہے۔واٹر بورڈ شہریوں کا پانی فراہم کرنے میں مکمل ناکام رہا ہے۔خرم شیر زمان نے مزید کہا کہ پانی کی عدم فراہمی سے شہر میں فسادات ہونے کا خدشہ ہے۔پوری دنیا میں کراچی واحد شہر ہے جو سمندر کنارے بسا ہے مگر اسکے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں۔ پانی چور مافیا ایک طاقتور مافیا ہے، جسے سیاسی اور با اثر افراد کی پشت پناہی حاصل ہے۔شہر میں غیر قانونی پانی کے کنکشن اور ہائیڈرنٹس موجود ہے، واٹر بورڈ انکے خلاف کاروائی نہیں کرتا ہے۔ ایس ایس پی ملیر کی رپورٹ کے مطابق ضلع ملیر میں سب سے زیادہ غیر قانونی پانی کنکشن اور ہائیڈرنٹس موجود ہیں۔ خرم شیر زمان نے کہا کہ حکومت وقت پانی چور مافیا کے خلاف کاروائی کرے اور شہریوں کو پانی باآسانی فراہم کیا جا ئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کے ساتھ ہمیشہ سیاست کی گئی ہے،کراچی کے نام پر کروڑوں اربوں روپیہ لیا گیا مگر کراچی کو اسکا حق ادا نہیں کیا گیا۔پاکستان تحریک انصاف اب کراچی کے حق پر کسی کو ڈاکہ نہیں ڈالنے دے گی۔پاکستان تحریک انصاف نے شہریوں کے لیے ہمیشہ اپنی آواز بلند کی ہے اور کرتے رہیں گے۔عوام کو انکے حقوق دلائیں بغیر تسلی سے نہیں بیٹھیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر