بدقماش عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائیگا،ڈی پی او چارسدہ

  بدقماش عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لاکھڑا کیا جائیگا،ڈی پی او چارسدہ

  



چارسدہ (بیو رو رپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عرفان اللہ خان نے کہا ہے کہ سماج دشمن عناصر، سٹر یٹ کرائم، منشیات فروشی اور انٹر نیشنل سمگلر وں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائیگا۔ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآ مد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وہ پولیس سیکرٹریٹ میں اعلی سطحی کرائم میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔ میٹنگ میں ایس پی انوسٹی گیشن افتخار شاہ خان، ڈی ایس پی انوسٹی گیشن سعید خان،ڈی ایس پی سٹی تاج محمد خان، ڈی ایس پی سرڈھیری عدنان اعظم خان، ڈی ایس پی تنگی فضل شیر خان، ڈی ایس پی شبقدر محمد ریاض خان اور ضلع بھر کے تمام تھانہ جات کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔میٹنگ میں ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان نے گزشتہ ماہ میں پولیس کی کاروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈی پی او عرفان اللہ خان نے افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قتل و اقدام قتل اور دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاریوں، منشیات فروشوں،سماجی برائیوں میں ملوث افراد کے ٹھکانوں پر موثر چھاپہ زنی کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہ ضلع بھر سے منشیات کا خاتمہ یقینی بنانے اور منشیات فروش، سمگلر ز، آئس فروش اور بڑے بڑے انٹرنیشنل منشیات فروشوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس اور برزگ شہریوں کو تھانہ جات میں عزت دی جائے۔ محکمہ پولیس میں غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائے گی جبکہ بہترین کارکردگی پر انعامات سے نوازا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہوائی فائرنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور رقم کے عوض ثالثی کرنے والے افراد کے خلاف بلا تفریق کاروائی کریں تاکہ معاشرہ ہر قسم جرائم سے پاک ہو۔ڈی پی او چارسدہ عرفان اللہ خان نے پولیس افسران کوضلع بھر میں جرائم کی روک تھام کے لئے کئے جائے والی کاروائیوں میں پہلے پوزیشن پر ایس ایچ او تھانہ بٹگرام قیصر خان، دوسرے پوزیشن پر ایس ایچ او تھانہ خانمائی بہرمند شاہ خان جبکہ تیسرے پوزیشن پر ایس ایچ او تھانہ سرڈھیری اشفاق خان و دیگر پولیس افسران کوکو نقد انعامات اور سرٹیفکیٹ سے نوازا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر