پی ٹی آئی نے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو گلے لگا یا، ڈاکٹر امجد علی

  پی ٹی آئی نے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو گلے لگا یا، ڈاکٹر امجد علی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

باجوڑ(نمائندہ خصوصی)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہا ہے کہ ملک میں تحریک انصاف ایک ایسی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ضم شدہ اضلاع کے عوام کو اپنے سینے سے لگایا اور برسوں کی محرومیوں کے بعد انہیں اپنے جائز حقوق دلائے ہیں۔ باجوڑ (خار)کے اپنے ایک روزہ دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ وہ دن دور نہیں جب فاٹا کے عوام ترقی کے سفر میں ملک کے دوسرے حصوں کے برابر آ یئنگے۔تقریب میں مختلف قبیلوں کے مشران اور مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور صوبائی وزیر کو ضلع باجوڑ کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر امجدعلی نے مشران کو یقین دلایا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ وہ علاقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور نئے ضم شدہ اضلاع کو بنیادی ضروریات ذندگی کی فراہمی ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع باجوڑ میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز سے تیز تر کیا جائیگا، جبکہ کئی ایک نئے منصوبے بھی شروع کئے جائینگے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران کی ہدایت پر نئے ضم شدہ اضلاع کے مسائل اور مشکلات جاننے کے بعد ان کے حل کے لئے فوری اقدامات کئے جائینگے اور وہ باجوڑ کے عوام کے ایک نمائندے کے طور پر ان کے مسائل کے حل کے لئے کوشش کرینگے۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ قبائلی اضلاع ایک عرصے سے محرومیوں کا شکار رہے ہیں، تاہم اب وقت آگیا ہے کہ ان کے تمام تر مسائل کا حل نکالا جائے اور ان اضلاع کی ترقی میں حائل تمام تر رکاوٹیں ختم کی جائیں۔ اس موقع پر مقامی مشران نے وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجدعلی کی جانب سے ان کے مسائل کے حوالے سے دلچسپی لینے اور ان کے حل کے لئے یقین دہانی کرانے پر شکریہ ادا کیا۔