نوازشریف اور چودھری نثار کا ایک دوسرے کیساتھ ملاقات سے انکار
لندن(این این آئی) مسلم لیگ(ن) کے قائد وسابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار نے ایک دوسرے سے ملاقات کرنے سے صاف انکار کردیا۔ذرائع کے مطابق لندن میں موجود چودھری نثار کی نوازشریف اور ان کے مشترکہ دوستوں نے ملاقات کی خواہش کی تاہم نواز شریف نے ملاقات سے صاف انکار کردیا اس سلسلے میں جب اسحق ڈار اور شہباز شریف سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔ذرائع نے بتایا کہ میاں نواز شریف کا چودھری نثار کے بارے میں مؤقف واضح ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ چودھری نثار سے ملاقات کرنے کا مطلب ہے میں اپنے ان قریبی لوگوں کو دھوکا دوں جس طرح مجھے چودھری نثار نے دیا۔دوسری جانب چودھری نثار نے بھی لندن میں میاں نوازشریف سے ملاقات کے امکان کو خارج کردیا۔لندن میں صحافی کے نوازشریف کی تیمارداری کیلئے جانے سے متعلق سوال پر چودھری نثار نے کہا کہ اس وقت تو میری تیمارداری کا مسئلہ ہے جب ہسپتال جاؤں گا تو امید کرتا ہوں کہ آپ میری بیمار پرسی کیلئے آئیں گے۔ چودھری نثار نے کہا کہ میں بنیادی طور پر علاج کیلئے آیا ہوں، یہ قطعی طور پر غیر سیاسی دورہ ہے،میں صرف اپنے علاج پر فوکس کروں گا۔
انکار